- الإعلانات -

ہندوستان، سابق میجر جنرل کے بیٹے دہشتگردی میں ملوث

گوا: ہندوستانی ریاست گوا میں دہشت گردوں سے مبینہ تعلق کے الزام میں آرمی کے سابق میجر جنرل کے این سردانا کے بیٹے کو گرفتار کرلیا گیا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق ریاست اترکھنڈ کے شہر دہرادون سے تعلق رکھنے والے 44 سالہ سمیر سردانا کو گوا پولیس کے انسداد دہشت گردی اسکواڈ (اے ٹی ایس) نے واسکو کے علاقے سے گرفتار کرکے ریمانڈ حاصل کیا۔

پیشے سے چارٹرڈ اکاؤنٹنٹ اور بڑی بین الاقوامی کمپنیوں سے وابستہ سمیر سردانا کو اس وقت گرفتار کیا گیا جب وہ واسکو ریلوے اسٹیشن پر مشکوک انداز میں گھوم رہا تھا، پولیس نے سمیر سے لیپ ٹاپ، پانچ پاسپورٹ اور چار موبائل فونز بھی قبضے میں لیے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ سمیر بظاہر مذہب سے ہندو ہے لیکن اسلامی تعلیمات کو مانتا ہے۔

گوا کے ڈائریکٹر جنرل پولیس (ڈی جی پی) ٹی این موہن کا کہنا تھا کہ پولیس کو اب تک سمیر کے کسی دہشت گرد تنظیم سے تعلق کے ٹھوس شواہد نہیں ملے ہیں، اسے مشکوک سرگرمی پر گرفتار کیا گیا اور ہم ان کے اہلخانہ کو مطمئن کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔

گوا پولیس کے انسداد دہشت گردی اسکواڈ کے ذرائع کا کہنا ہے کہ پولیس سمیر سردانا کے حوالے سے چند خطوط اور ای میلز کی تحقیقات کر رہی ہے، جن سے معلوم ہوتا ہے کہ ملزم کو ملک میں ہونے والے پچھلے بم دھماکوں کی پہلے سے ہی معلومات حاصل تھیں۔