- الإعلانات -

کینیڈا داعش کے خلاف 22 فروری سے فضائی حملے بند کر دے گا

اوٹاوا: کینیڈا کے وزیر اعظم جسٹن ٹروڈو نے کہا ہے کہ ان کا ملک شام و عراق میں سرگرم داعش کے خلاف 22 فروری سے فضائی حملے بند کر دے گا۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق جسٹن ٹروڈو نے پریس کانفرنس کے دوران کہا کہ ہم داعش کے ٹھکانوں پر بمباری کے لیے شام و عراق میں بھیجے گئے اپنے 6 طیارے واپس بلا رہے ہیں۔

واضح رہے کہ جسٹن ٹروڈو کی لبرل پارٹی نے گزشتہ سال اکتوبر میں عوام سے وعدہ کیا تھا تاہم اتحادی جماعتوں کی جانب سے اسے اس فیصلے پر دباؤ کا سامنا تھا۔

کینیڈا نے داعش کے خلاف نومبر 2014 میں کنزرویٹیو پارٹی کے دور حکومت میں بمباری کا آغاز کیا تھا۔

پریس کانفرنس کے دوران جسٹن ٹروڈو نے کہا کہ ہم خطے کی سلامتی کے لیے جو کچھ کرسکتے تھے ہم نے کیا، لیکن ہم سب کچھ نہیں کرسکتے، روز داعش کے خوف سے جینے والے عوام کو انتقام کی نہیں بلکہ ہماری مدد کی ضرورت ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ حملے بند کرنے کے باوجود کینیڈا خطے میں اپنے 2نگراں طیارے تعینات رکھے گا، جبکہ شمالی مغرب میں کرد فوجیوں کو تربیت دینے والے فوجیوں کی تعداد بھی تین گنا بڑھا کر 200 کردی جائے گی۔