- الإعلانات -

ڈینگی بخار سے بچاﺅ کیلئے احتیاطی تدابیر

فیصل آباد : محکمہ صحت کی جانب سے ڈینگی بخار سے بچاﺅ کیلئے احتیاطی تدابیر پر عمل در آمد کی ہدایت کردی۔ محکمہ صحت نے موسم کی تبدیلی کے باعث ڈینگی بخار سے بچاﺅ کیلئے احتیاطی تدابیر پر عمل درآمد کی ہدایت کر دی، ایگزیکٹو ڈسٹرکٹ آفیسر ہیلتھ فیصل آباد نے بتایا ہے کہ ڈینگی بخار مکمل طور پر قابل علاج ہے، احتیاطی تدابیر پر عملدرآمد کر کے ڈینگی بخار سے بچا جا سکتا ہے۔

انہوں نے عوام الناس سے اپیل کی ہے کہ وہ گھروں کے اندر، ارد گرد، چھتوں، پودوں کی کیاریوں، گملوں، پرانے برتنوں اور ٹائروں میں پانی جمع نہ ہونے دیں، روم کولر کے ناقابل استعمال ہونے پر اس کا پانی مکمل طور پر خشک کر دیا جائے، مچھروں سے بچاﺅ کیلئے کوائل، میٹ، مچھر بھگاﺅ لوشن، مچھر دانی کو استعمال میں لایا جائے۔

محکمہ صحت کے حکام کا مزید کہنا تھا کہ عوام ہفتہ میں 2سے 3بار گھر، دفاتر ، دکانوں میں صفائی کر کے مچھر مار ادویات کا اسپرے کیا جائے اور دروازے ایک گھنٹہ کےلئے بند رکھے جائیں، نیز صاف پانی جمع کرنے کے برتن ، گڑھے ، ڈرم ، ٹینکی وغیرہ کو صحیح طور پر ڈھانپ کر رکھا جائے۔

انہوں نے بتایا کہ اس ضمن میں جلد فیومیگیشن مہم کا بھی آغاز کیا جارہا ہے، لہٰذا عوام محکمہ صحت کی ٹیموں سے بھر پور تعاون کریں۔