- الإعلانات -

اسٹرابری بلڈ پریشر کو کنٹرول کرنے میں مددگار

اسٹرابری دیکھنے میں تو بہت خوبصورت پھل ہے مگر کیا آپ جانتے ہیں کہ اسے اکثر کھانا بلڈ پریشر کو کنٹرول کرنے میں مددگار ثابت ہوسکتا ہے۔

یہ دعویٰ امریکا میں ہونے والی ایک طبی تحقیق میں سامنے آیا۔

تحقیق میں بتایا گیا ہے کہ ہر ہفتے ایک کپ اسٹرابریز یا بلیو بیریزک ا استعمال ہائی بلڈ پریشر کے مرض میں مبتلا ہونے کا خطرہ کم کرتا ہے۔

خیال رہے کہ بلند فشار خون یا ہائی بلڈ پریشر امراض قلب اور فالج جیسے جان لیوا امراض کا خطرہ بڑھانے کا اہم ترین عنصر ہے۔

اس تحقیق کے دوران 90 ہزار کے لگ بھگ افراد کا 14 سال تک جائزہ لیا گیا اور یہ بات سامنے آئی کہ جن مرد و خواتین نے بلیوبریز اور اسٹرابریز کا استعمال زیادہ کیا ان میں ہائی بلڈ پریشر کا خطرہ 8 فیصد تک کم ہوگیا۔

تحقیق میں بتایا گیا ہے کہ اسٹرابری میں شامل اینٹی آکسائیڈنٹ Anthocyanin خون کی شریانوں کو کھولنے میں مدد فراہم کرسکتا ہے جو دوران خون کو معمول پر رکھ کر ہائی بلڈ پریشر کا خطرہ کم کرسکتا ہے۔

اسٹرابری میں پوٹاشیم کی بھی کافی مقدار ثابت ہوتی ہے جو بلڈ پریشر کو کنٹرول رکھنے کے لیے اہم جز ہے اور طبی ماہرین ہر بالغ شخص کو 4700 ملی گرام پوٹاشیم روزانہ استعمال کرنے کا مشورہ دیتے ہیں۔

ایک اور پرانی تحقیق کے مطابق اسٹرابریز میں وٹامن سی کی بھرپور مقدار ہوتی ہے جو جسمانی صحت کے لیے فائدہ مند ثابت ہوتی ہے۔

یہ تحقیق امریکن جرنل آف کلینکل نیوٹریشن میں شائع ہوئی۔