- الإعلانات -

تمباکو نوشی چھوڑنے کا آسان ترین نسخہ

اگر تو آپ تمباکو نوشی چھوڑنا چاہتے ہیں تو اسے بتدریج کم کرنے کی بجائے فوراً ہی اس کا استعمال بند کردیں۔

یہ دعویٰ ایک نئی برطانوی طبی تحقیق میں سامنے آیا ہے۔

آکسفورڈ یونیورسٹی کی تحقیق میں بتایا گیا ہے کہ بیشتر افراد تمباکو نوشی ترک کرنے کے لیے بتدریج اس میں کمی لاتے ہیں تاہم نتائج سے معلوم ہوا کہ اس کا استعمال فوری طور پر ختم کردینا اس حوالے سے زیادہ فائدہ مند ثابت ہوتا ہے۔

تحقیق کے دوران محققین نے لگ بھگ 700 افراد کا جائزہ لیا جو روزانہ کم از کم 1 سیگریٹس پیتے تھے مگر اس عادت سے نجات کے خواہشمند تھے،ان سب کے لیے محققین نے 2 ہفتوں تک اس عادت کو ترک کرنے کا ہدف طے کیا جس دوران نصف کو بتدریج کمی لانے جبکہ دیگر کو مقررہ تاریخ تک معمول کے مطابق سیگریٹ پینے کی اجازت دی گئی۔

اس دوران دونوں گروپس کو نکوٹین سے نجات کی تھراپی کے لیے چیونگم اور ماﺅتھ اسپرے کا استعمال بھی کرایا گیا۔

چھ ماہ بعد جب دونوں گروپس کا جائزہ لیا گیا تو معلوم ہوا کہ جو لوگ فوری طور پر سیگریٹ نوشی سے جان چھڑاتے ہیں ان میں کامیابی کے امکانات بتدریج کمی لانے والوں کے مقابلے میں 25 فیصد زیادہ ہوتے ہیں۔

محققین کا کہنا ہے کہ اگر آپ سیگریٹ پینے کی عادت چھوڑنا چاہتے ہیں تو ڈاکٹروں سے مشورہ، ٹریٹمنٹ تھراپی وغیرہ اچھے طریقہ کار ہیں تاہم فیصلہ کرتے ہی اسے چھوڑ دینے کی صورت میں کامیابی کے امکانات بڑھ جاتے ہیں۔

اس کے مقابلے میں بتدریج کمی لاکر اس سے جان چھڑانے کے خواہشمند افراد مٰں ناکامی کا امکان زیادہ ہوتا ہے۔