- الإعلانات -

کرونا وائرس کا خدشہ لیکن ایک انسان گھنٹے میں اوسطاً کتنی بار اپنے چہرے کو چھوتا ہے؟

 تحقیق سے یہ بات سامنے آئی ہے کہ ایک انسان اپنے چہرے کو ایک گھنٹے میں اوسطاً 16 بار چھوتا ہے۔ہم دن میں متعدد بار اپنی ناک ، آنکھوں اور منہ کو ہاتھ لگاتے ہیں اور اس عمل سے ہونے والے ممکنہ نقصان کی جانب ہمارا دھیان بھی نہیں جاتا۔دنیا بھر میں کورونا وائرس وبائی صورت اختیار کرچکا ہے اور اس سے بچاﺅ کے لیے ماہرین مسلسل ہاتھوں کی صفائی اور انھیں چہرے سے دور رکھنے کی تاکید کرتے ہیں۔غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق 2008 میں دفتری ماحول کے بارے میں ہونے والی ایک جائزے میں مشاہدہ کیا گیا کہ ایک فرد اوسطاً اپنے چہرے کو ایک گھنٹے میں 16بار ہاتھ لگاتا ہے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ اس عادت سے چھٹکارے اور نقصان سے محفوظ رہنے کے لیے سب سے پہلے ہاتھ دھونے کی عادت ڈالنی چاہیے۔ ہاتھ دھونے کے فائدہ بھی اسی وقت ہوگا جب ہاتھ دھونے میں کم از کم 20 سیکنڈ کا وقت صرف کیا جائے۔ہاتھ دھونے کے لیے پہلے تر کرکے ان پر صابن یا لکویڈ سوپ کم از کم 20 سیکینڈ تک لگایا جائے۔ ہاتھوں کی پشت، انگلیوں کا درمیانی خلا، انگوٹھے اور ہتھیلیوں پر صابن لگانے کے بعد ہاتھ دھوئے جائیں۔ اس کے بعد ہاتھ صاف کرکے خشک کرلیں۔

نفسیات کے ماہرین کا کہنا ہے کہ چہرے کو بار بار چھونے کی عادت سے چھٹکارے کے لیے ٹیلی ویژن دیکھتے ہوئے یا کوئی کام کرتے ہوئے ہاتھوں کو مصروف رکھنا چاہیے۔ اسپنج بال یا ہاتھوں کی ورزش کی مشین بھی اس کے لیے کارگر ثابت ہوسکتی ہے۔اسی طرح ہاتھوں کو صاف کرنے کے لیے ایسے خوشبو دار صابن یا سینیٹائزر کا استعمال بھی کیا جاسکتا ہے کہ ہاتھ چہرے کے قریب آتے ہی آپ اس کی مہک سے خبردار ہوکر رک جائیں۔