- الإعلانات -

سبزیوں کو ناپسند کرنا آپ کی صحت کے لیے نقصان دہ

کیا آپ کو سبزیاں پسند نہیں اور گوشت کے بغیر کھانا نہیں کھاتے ؟تو یہ شوق آپ کو قبض کا شکار بناسکتا ہے۔

ایک امریکی تحقیق میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ بہت زیادہ پروٹین والی غذائیں بھی قبض کا باعث بن سکتی ہیں۔

محققین کے مطابق گوشت، انڈے اور چربی سے بھرپور غذا میں نباتاتی فائبر کی جگہ نہیں ہوتی اور سب سے بدتر اس وقت ہوتا ہے جب لوگ اجناس، پھل اور سبزیوں کو مکمل طور پر ترک کردیتے ہیں جو قبض کی شدت کو بڑھانے کا باعث بنتا ہے۔

محققین کے مطابق کاربوہائیڈریٹس سے بھرپور غذائیں نظام ہاضمہ کے لیے بہترین ہوتی ہیں مگر یہ خیال رکھیں کہ میٹھے پکوان اور سفید ڈبل روٹی کی صورت میں یہ جز اپنے جسم کا حصہ نہ بنائیں۔

تحقیق کے مطابق روزانہ کچھ مقدار میں پھل اور سبزیاں کھانا قبض سے بچاﺅ کے لیے فائدہ مند ہے۔

دوسری جانب امپرئیل کالج لندن کی ایک تحقیق کے مطابق پنیر سے بنے کھانے بھی قبض کا باعث بن سکتے ہیں۔

تحقیق میں بتایا گیا ہے کہ پنیر نظام ہاضمہ کے لیے کافی مسائل پیدا کرتا ہے اور سب سے بڑا مسئلہ قبض کی شکل میں سامنے آتا ہے۔

تحقیق کے مطابق اگر لوگ پیزا کھاتے ہیں تو وہ صحت مند فائبر سے بھرپور غذائیں جیسے اجناس کو چھوڑ دیتے ہیں جس کے نتیجے میں نظام ہاضمہ میں گڑبڑ ہوتی ہے۔

تحقیق کے مطابق پنیر سے بنے پیزا یا چیزیں لوگ غیر ارادی طور پر بھی زیادہ کھالیتے ہیں جس کے باعث قبض کا خطرہ بڑھتا ہے۔

اس کے مقابلے میں فائبر سے بھرپور غذائیں ایسے مالیکیول سے بھرپور ہوتی ہیں جو آپ کا پیٹ جلد بھر کر زیادہ کھانے سے روکتا ہے۔