- الإعلانات -

پاکستان میں کورونا کے مزید 45 مریض دم توڑ گئے

پاکستان میں 24 گھنٹے کے دوران کورونا کے مزید 45 مریض دم توڑ گئے جب کہ 3045 افراد میں وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔ پاکستان میں کورونا کے اعداد و شمار بتانے والی ویب سائٹ کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں کورونا کے 48 ہزار 223 ٹیسٹ کیے گئے جن میں 3045 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی جب کہ وائرس سے مزید 45 افراد انتقال کر گئے۔

سرکاری پورٹل کے مطابق پاکستان میں کورونا کیسز سے ہلاکتوں کی تعداد 7942 ہوگئی ہے اور مجموعی کیسز 3 لاکھ 92356 تک پہنچ گئے ہیں۔ اس کےعلاوہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں 1672 مریض کورونا سے صحتیاب بھی ہوئے ہیں۔ سرکاری پورٹل کے مطابق سندھ میں کورونا کے مریضوں کی مجموعی تعداد 170206ہوگئی ہے جب کہ 2897 افراد اب تک انتقال کرچکے ہیں۔ پنجاب میں کورونا کے کل مریضوں کی تعداد 117898 ہے اور 2960 افراد وائرس میں مبتلا ہوکر جان سے جاچکے ہیں جب کہ بلوچستان میں مریضوں کی کل تعداد 17046 اور ہلاکتیں 165 ہو چکی ہیں۔

خیبرپختونخوا میں کورونا کے مریضوں کی تعداد 46604 اور 1355 ہلاکتیں ہوچکی ہیں جب کہ آزاد کشمیر میں 6556 افراد وائرس میں مبتلا ہوچکے ہیں اور 161 افراد انتقال کر گئے۔ اس کے علاوہ گلگت بلتستان میں اب تک کورونا کے مریضوں کی تعداد 4619 اور 97 افراد انتقال کرچکے ہیں۔ پورٹل کے مطابق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں کورونا کے مریضوں کی مجموعی تعداد 29427 ہے اور اب تک 307 مریض انتقال کرچکے ہیں۔ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے اعدادوشمار کے مطابق کورونا کے فعال مریضوں کی تعداد 46 ہزار 861 ہو گئی ہے جب کہ کورونا وائرس اب تک 7 ہزار 942 افراد کی جانیں لے چکا ہے۔