- الإعلانات -

ملک میں کورونا سے مزید 41 اموات

ملک میں کورونا سے مزید 41 افراد انتقال کرگئے اور 2400 سے زائد نئے کیسز بھی رپورٹ ہوئے ہیں۔ پاکستان میں کورونا کے اعداد و شمار بتانے والی ویب سائٹ (covid.gov.pk) کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں کورونا کے 40088 ٹیسٹ کیے گئے جن میں سے 2408 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی جب کہ وائرس سے 41 ہلاکتیں ہوئیں۔

سرکاری پورٹل کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا مثبت آنے کی شرح 5.6 فیصد رہی۔ سرکاری پورٹل کے مطابق ملک میں کورونا سے ہلاکتوں کی تعداد 10717 ہوگئی ہے اور مجموعی کیسز 5 لاکھ 6701 تک جاپہنچے ہیں جب کہ فعال کیسز کی تعداد 34007 ہے۔

اس کے علاوہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں 3606 مریض کورونا سے صحتیاب بھی ہوئے ہیں جس کے بعد مجموعی طور پر صحتیاب ہونے والوں کی تعداد 461977 ہوگئی ہے۔
سرکاری پورٹل کے مطابق سندھ میں کورونا کے مریضوں کی مجموعی تعداد 227885 ہوگئی ہے جب کہ 3708 افراد اب تک انتقال کرچکے ہیں۔

پنجاب میں کورونا کے کل مریضوں کی تعداد 146016 ہے اور 429999 افراد وائرس میں مبتلا ہوکر جان سے جاچکے ہیں جب کہ بلوچستان میں مریضوں کی کل تعداد 18429 اور ہلاکتیں 188 ہوچکی ہیں۔ خیبرپختونخوا میں کورونا کے مریضوں کی تعداد 61648 اور 1743 ہلاکتیں ہوچکی ہیں جب کہ آزاد کشمیر میں 8501 افراد وائرس میں مبتلا ہوچکے ہیں اور 235 افراد انتقال کرگئے۔

اس کے علاوہ گلگت بلتستان میں اب تک کورونا کے مریضوں کی تعداد 4882 اور 101 افراد انتقال کرچکے ہیں۔ پورٹل کے مطابق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں کورونا کے مریضوں کی مجموعی تعداد 39340 ہے اور اب تک 443 مریض انتقال کرچکے ہیں۔