- الإعلانات -

فیصل آباد میں بیٹی نے باپ کی زندگی بچالی

فیصل آباد: پنجاب کے شہر فیصل آباد میں بیٹی نے باپ کو جگر عطیہ کرکے ان کی زندگی بچالی۔ سندھ انسٹیٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز گمبٹ کے ڈاکٹروں کے جگرٹرانسپلانٹ کرنے کا کارنامہ انجام دیا اور فیصل آباد کے شہری طارق اقبال کی کامیاب سرجری کی۔

پاکستان میں ڈاکٹروں نے پہلی بار مختلف بلڈ گروپس کا کامیاب جگر ٹرانسپلانٹ کیا جس کے بعد جگر کے پیوندکاری کے منتظر ہزاروں مریضوں کی امیدیں روشن ہوگئیں۔ ڈاکٹرز کے مطابق آپریشن کے لیے بیشتر دوائیں بیرون ملک سے منگوائی گئیں۔

ڈاکٹر عبدالوہاب کا کہنا تھا کہ مریض کے ڈونر کا بلڈ گروپ دوسرا تھا، مریض کا قوت مدافعت کا نظام ہم اتنا نیچے لے کر آئے کہ وہ کسی بھی بلڈ گروپ کو قبول کرسکے، تین جولائی کو جگر ٹرانسپلانٹ کیا جو کامیاب رہا۔ فیصل آباد کے رہائشی طارق اقبال بیٹی زینب نور کی جانب سے جگر عطیہ کرنے پر خوشی سے نہال ہیں۔

جگر ٹرانسپلانٹ ہونے پر طارق اقبال نے بیٹی کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ’بیٹی صرف دیتی ہے لیتی کچھ نہیں ہے، میری بیٹی میرے تین بیٹوں سے بڑھ کر ہے۔‘ انہوں نے بتایا کہ اکلوتی بیٹی پہلے سے دعا کررہی تھی کہ اللہ مجھے موقع دے تو میں اپنے والد کی خدمت کرسکوں۔