- الإعلانات -

پاکستان میں کورونا کیسز کی یومیہ شرح کم ترین سطح پر آگئی

اسلام آباد : پاکستان میں کوروناکیسزکی شرح چوتھے روز بھی ایک فیصد سے کم ریکارڈ کی گئی اور صرف 6 اموات اور216 کیسز رپورٹ ہوئے۔

تفصیلات کے مطابق نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر نے ملک میں کورونا وبا کی صورتحال کے تازہ اعدادو شمار جاری کردیئے ہیں ، جس میں بتایا گیا ہے کہ ملک میں 24 گھنٹے میں کورونا کے مزید 6 مریض انتقال کرگئے ، جس کے بعد کورونا وائرس سے مجموعی اموات کی تعداد 28ہزار618 ہوگئیں۔

این سی اوسی کا کہنا تھا کہ ملک میں 24 گھنٹوں کے دوران 33ہزار435 کورونا ٹیسٹ کیے گئے، جس میں سے 216 افراد میں کورونا کی تصدیق ہوئی، اس دوران کورونا ٹیسٹ مثبت نکلنے کی شرح 0.64 فیصد رہی۔

نیشنل کمانڈاینڈ آپریشن سینٹر نے بتایا کہ ملک بھر میں کورونا سے متاثرہ ایک ہزار 101 زیرعلاج مریضوں کی حالت تشویشناک ہیں جبکہ ملک بھر میں کورونا سے متاثر ہونے والوں کی مجموعی تعداد 12 لاکھ 80 ہزار 092 تک پہنچ گئی ہے۔

اعدادو شمار کے مطابق سندھ میں کورونا کیسز کی تعداد چار لاکھ 73ہزار 250 ، پنجاب میں 4 لاکھ 41 ہزار965 ، خیبرپختونخوا میں ایک لاکھ 79 ہزار 190 اور بلوچستان میں 33 ہزار 408 ہے جبکہ اسلام آباد میں ایک لاکھ 7 ہزار 364، گلگت بلتستان میں 10 ہزار401 اور آزاد کشمیر میں 34 ہزار 514 کیسز سامنے آچکے ہیں۔

خیال رہے نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر(این سی او سی) نے کورونا سے متعلق پابندیوں پر نظر ثانی کی اور کووڈ19 کی شرح کو مدنظر رکھتے ہوئے پابندیوں میں نرمی کا فیصلہ کیا جبکہ بارہ سے پندرہ سال کے بچوں کی ویکسی نیشن پندرہ سے ستائیس نومبر تک روک دی ہے