- الإعلانات -

جینز میں تبدیلی کرکے زندگی کو طویل کیا جاسکتا ہے۔

سائنسدانوں کا خیال ہے کہ زندگی کو کئی دہائیوں تک بڑھانے کا راز مخصوص قسم کے جینز میں چھپا ہے جن میں تبدیلی کرکے زندگی کو 60 فیصد طویل کیا جاسکتا ہے۔واشنگٹن کے بک انسٹی ٹیوٹ فار ریسرچ آن ایجنگ نے دس سال کی ریسرچ کے بعد 238 ایسے جینز کو شناخت کیا ہے جنہیں خاموش کرنے سے ییسٹ سیلز کی عمر میں اضافہ ہوگیا۔یہ جینز متعدد ممالیہ بشمول انسانوں میں بھی پائے جاتے ہیں جس سے یہ پتہ چلتا ہے کہ اگر انہیں خاموش کردیا جائے تو انسانوں کی زندگی میں بھی اضافہ ہوسکتا ہے۔مطالعے کے سربراہ ڈاکٹر برائن کینیڈی نے کہا کہ مطالعے میں شامل عمر پر اثر انداز ہونے والے نصف سے زائد جینز ممالیہ میں بھی موجود ہوتے ہیں۔مطالعے کے دوران سائنسدانوں نے ییسٹ کے 4698 کے الگ الگ ٹکڑوں پر تحقیق کی اور ہر مرتبہ ایک جین کو کم کردیا جاتا۔سائنسدانوں نے پایا کہ LOS1 نامی ایک جین کا کم کرنے سے متاثرکن نتائج برآمد ہوئے جس سے زندگی 60 فیصد طویل ہوگئی۔خیال رہے کہ اس سے قبل یونیورسٹی آف سدرن کیلیفورنیا کی ایک تحقیق میں پایا گیا تھا کہ اگر روزے سے ملتی جلتی پانچ روزہ ڈائٹ کرنے سے عمر میں کئی سالوں اور قوت مدافعت میں اضافہ ہوسکتا ہے۔تحقیق میں بتایا گیا کہ اس ڈائٹ پر عمل کرنے سے دل کا دورہ پڑنے اور کینسر ہونے کے امکانات کم کیے جاسکتے ہیں۔