- الإعلانات -

بھارت سمیت تمام پڑوسی ممالک کے ساتھ بہتر تعلقات چاہتے ہیں” نواز شریف”

اسلام آباد:وزیراعظم نواز شریف سے بھارتی ہائی کمشنر گوتم بمبا والے نے ملاقات کی۔ اس موقع پر نواز شریف نے کہا کہ دہشت گردوں کی سرکوبی کیلئے مل کر لڑنا ہوگا۔

وزیراعظم نے گوتم بمبا والے کو پاکستان میں سفارتی ذمہ داریاں سنبھالنے پر مبارکباد دی اور امید ظاہر کی کہ گوتم دونوں ممالک کو قریب لانے کیلئے کام کریں گے۔

ملاقات میں پٹھان کوٹ واقعہ پر ہونے والی پیشرفت پر بھی بات چیت ہوئی۔ وزیراعظم نے کہا کہ دہشت گرد مشترکہ دشمن ہیں، سرکوبی کے لیے مل کر لڑنا ہوگا۔ پٹھان کوٹ واقعہ میں بھارت کو مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی تھی۔

نواز شریف نے پاک بھارت سیکرٹری خارجہ مذاکرات کی جلد بحالی پر زور دیا اور کہا کہ دونوں ملکوں کے درمیان مسائل صرف بات چیت سے حل ہو سکتے ہیں۔ وزیراعظم نے کہا کہ بھارت سمیت تمام پڑوسی ممالک کے ساتھ بہتر تعلقات چاہتے ہیں۔ خطہ میں امن و ترقی کے لیے مشترکہ جدوجہد کرنے کی ضرورت ہے۔

گوتم بمباوالے نے دونوں ممالک کے تعلقات کو معمول پر لانے اور مستحکم بنانے کیلئے کام کرنے کا عزم ظاہر کیا۔