- الإعلانات -

‘نیا کشمیر’ بھی بنائیں گے”عمران خان”

مظفر آباد: PTI کے چیئرمین عمران خان کا کہنا ہے کہ انہوں نے کرپشن پر کبھی کوئی سمجھوتہ نہیں کیا، وہ آزادانہ احتساب کی راہ میں حائل رکاوٹیں دور کریں گے اور ‘نئے خیبر پختونخوا’ کے بعد ‘نیا کشمیر’ بھی بنائیں گے۔

آزاد کشمیر کے علاقے کوٹلی میں الیکشن مہم کے جلسے سے خطاب کے دوران عمران خان نے وزیراعظم نواز شریف اور سابق صدر آصف علی زرداری پر ایک بار پھر دھاندلی کا الزام لگاتے ہوئے کہا کہ دونوں اپنے کاروبارمیں اضافے کے لیے اقتدار میں آتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ آصف زرداری کو کرپشن کے الزام میں دو بار گرفتار کیا گیا، جبکہ نواز شریف کا ماضی بھی یہی ہے، نواز شریف کے خلاف قومی احتساب بیورو (NAB) میں 12 کیسز موجود ہیں اور یہی وزیراعظم کی پریشانی کا باعث ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ 30 سال قبل نواز شریف اور آصف زرداری کے پاس اتنی دولت نہیں تھی اور آج وہ بیرون ملک اربوں روپے کی جائیداد کے مالک بنے بیٹھے ہیں۔

عمران خان نے کہا کہ ملک میں کرپشن کے باعث بیرون ملک مقیم کشمیری یہاں واپس آنے اور سرمایہ کاری سے ہچکچا رہے ہیں۔

انہوں نے اداروں کی نجکاری کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائنز (PIA) اور اسٹیل ملز کی نجکاری کے بجائے ان کے انتظامی معاملات بہتر کرنے چاہئیں۔

انہوں نے آزاد کشمیر کے عوام کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ان کے پاس یہ اچھا موقع ہے کہ وہ ووٹ کے ذریعے ملک کی دولت لوٹنے والی پی پی پی اور مسلم لیگ (ن) کو باہر کریں اور اپنی تقدیر بدلیں۔

چیئرمین تحریک انصاف نے اقوام متحدہ پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اسے جنوبی ایشیا میں امن کے قیام کے لیے کشمیر کے حوالے سے اپنی قراردادوں پر عمل کرانا چاہیے اور کشمیری عوام کو ان کا حق دلانا چاہیے۔