- الإعلانات -

ممتاز قادری کے جنازے کے موقع پر راولپنڈی میں سکیورٹی کے سخت انتظامات

پاکستان کے صوبے پنجاب کے گورنر سلمان تاثیر کے قتل کے جرم میں سزائے موت پانے والے سابق پولیس اہلکار ممتاز قادری کے جنازے کے موقع پر راولپنڈی میں سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔

ممتاز قادری کو اتوار اور پیر کی درمیانی شب اڈیالہ جیل میں پھانسی دی گئی تھی اور ان کی نمازِ جنازہ منگل کی دوپہر راولپنڈی کے لیاقت باغ میں ادا کی جانی ہے۔

جنازے کے مقررہ وقت سے کئی گھنٹے قبل ہی لوگوں کی بڑی تعداد اس علاقے میں جمع ہوگئی ہے جبکہ سینکڑوں افراد جنازے کے ہمراہ بھی ہیں۔

حکام نے اس موقع پر شہر میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں کی بھاری نفری تعینات ہے جبکہ شہر کی اہم شاہراہوں اور لیاقت باغ کی طرف جانے والے راستوں کو کنٹینر لگا کر بند کر دیا گیا ہے۔

پیر کو ممتاز قادری کی پھانسی کی خبر عام ہونے کے بعد بھی راولپنڈی اور اسلام آباد کو ملانے والی مرکزی شاہراہ سمیت کئی مقامات پر مظاہرین نے احتجاج کیا تھا اور ٹریفک کا نظام بری طرح متاثر ہوا تھا۔