- الإعلانات -

پولیس اہلکار اسمگلنگ میں ملوث

لاہور: صوبہ پنجاب کے دارالحکومت لاہور میں حساس ادارے نے کارروائی کرکے ہیروئن کی اسمگلنگ میں ملوث پولیس اہلکار کے گھر سے ہندوستانی پاسپورٹ اور سمز برآمد کرلیں۔

حساس ادارے نے اطلاع ملنے پر واہگہ کے قریب سرحدی گاؤں باٹاپور میں کارروائی کی۔

کارروائی کے دوران ہندوستان سے ہیروئن اسمگل کرنے والے پولیس کانسٹیبل ندیم کے گھر سے ہندوستانی اور پاکستانی پاسپورٹ برآمد کیے جبکہ پولیس نے بہت ساری موبائل فون سمز بھی قبضے میں لیں جن میں 2 ہندوستانی موبائل فون سمز شامل تھیں۔

چھاپے کے وقت ملزم قانون نافذ کرنے والے اداروں کے چنگل سے بچ نکلنے میں کامیاب ہوا، تاہم اس کی گرفتاری کے لیے کوششیں جاری ہیں۔

کانسٹیبل ندیم تھانہ ڈیفنس بی کے انوسٹی گیشن ونگ میں تعینات ہے اور ہندوستان سے ہیروئن اسمگل کرنے میں ملوث ہے۔

واضح رہے کہ اس سے قبل بھی کی پولیس اہلکاروں کے مختلف جرائم میں ملوث ہونے کے واقعات سامنے آچکے ہیں۔

کئی واقعات میں پولیس اہلکار براہ راست تو جرائم میں ملوث نہیں پائے، لیکن انہوں نے مالی فوائد کے لیے مجرمان کو سہولت فراہم کی، جس کا انکشاف مجرمان نے دوران تفتیش کیا۔

تقریباً چھ ماہ قبل قانون نافذ کرنے والے اداروں نے واہگہ بارڈر کے قریب کارروائی کرتے ہوئے ہندوستانی خفیہ ایجنسی ’را‘ کے مبینہ ایجنٹ کو گرفتار کیا تھا۔

سابق پولیس اہلکار الیاس پر الزام عائد کیا گیا کہ وہ پاکستان آرمی اور پولیس حکام کے حوالے سے ‘را’ کو معلومات فراہم کرتا تھا۔