- الإعلانات -

لاہور میٹرو بس پروجیکٹ،NAB نے تحقیقات کا آغاز کر دیا

لاہور: قومی احتساب بیورو NAB نے لاہور میٹرو بس پروجیکٹ کے حوالے سے تحقیقات کا آغاز کر دیا۔

پاکستان مسلم لیگ (ن) کی پنجاب حکومت نے 2013 کے عام انتخابات سے کچھ ماہ قبل ہی یہ پروجیکٹ مکمل کیا تھا۔

نیب نے پنجاب ماس ٹرانزٹ اتھارٹی، لاہور ڈیولپمنٹ اتھارٹی، ٹریفک انجینیئرنگ اینڈ ٹرانسپورٹ پلاننگ ایجنسی اور پلاننگ اینڈ ڈیولپمنٹ ڈپارٹمنٹ کو خطوط ارسال کیے ہیں جس میں پروجیکٹ سے متعلق دستاویزات اور ریکارڈ طلب کیا گیا ہے۔

لاہور ڈیولپمنٹ اتھارٹی کے چیف انجینیئر اسرار سعید کا کہنا تھا کہ حالیہ دنوں میں نیب نے میٹرو بس پروجیکٹ سے متعلق کسی بھی قسم کی دستاویزات طلب نہیں کیں۔

ان کا کہنا تھا کہ نیب نے گذشتہ انتخابات سے قبل پروجیکٹ مکمل ہونے کے فوری بعد دستاویزات کے حوالے سے رابطہ کیا تھا۔

اسرار سعید نے بتایا کہ 3 سال قبل جب نیب نے رابطہ کیا تھا اُس وقت پروجیکٹ سے متعلق ان کو مختلف قسم کا ریکارڈ فراہم کر دیا گیا تھا۔

واضح رہے کہ میٹرو بس پروجیکٹ پر لاگت کا تخمینہ 30 ارب روپے لگایا گیا تھا جبکہ مختلف سیاسی جماعتوں کی جانب سے اس پر الزامات عائد کیے گئے۔

یاد رہے کہ پنجاب میں نیب کی جانب سے احتسابی عمل شرع کرنے پر ایک حالیہ بیان میں وزیراعظم نواز شریف نے بیورو کو خبردار کیا تھا کہ وہ محتاط رہتے ہوئے کام کرے بصورت دیگر ان کے ہاتھ باندھے جاسکتے ہیں۔