- الإعلانات -

شوال،سیکیورٹی فورسز کی زمینی و فضائی کارروائی میں 21 دہشت گرد ہلاک

شوال: شمالی وزیرستان میں پاک ۔ افغان سرحد کے قریب وادی شوال میں سیکیورٹی فورسز کی زمینی و فضائی کارروائی میں 21 دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق وادی شوال میں آرمی ایوی ایشن اور پاک فضائیہ نے مشترکہ آپریشن کیا، جس میں 21 دہشت گرد مارے گئے

 پاکستان آرمی کے زمینی دستے بھی دہشت گردوں کے خلاف کارروائی میں حصہ لے رہے ہیں اور علاقے میں سرچ اور کلیئرنس آپریشن بھی جاری ہے۔

یاد رہے کہ وفاق کے زیرِ انتظام پاک افغان سرحد پر واقع شمالی وزیرستان، خیبر ایجنسی اور اورکزئی ایجنسی سمیت سات ایجنسیوں کو عسکریت پسندوں کی محفوظ پناہ گاہ سمجھا جاتا ہے۔

حکومت اور کالعدم تحریک طالبان پاکستان کے درمیان امن مذاکرات کی ناکامی اور کراچی ایئرپورٹ پر حملے کے بعد پاک فوج نے 15 جون کو شمالی وزیرستان میں آپریشن ’ضربِ عضب‘ شروع کیا تھا۔

شمالی وزیرستان کی تحصیل میرعلی کو دہشت گردوں سے خالی کروانے کے بعد سیکیورٹی فورسز نے آپریشن کا دائرہ کار شمالی وزیرستان کے دوردراز علاقوں تک بڑھا دیا۔

بعد ازاں خیبر ایجنسی اور ملحقہ علاقوں میں آپریشن ’خیبر ون‘ اور ‘خیبر ٹو’ کے تحت سیکیورٹی فورسز نے کارروائیوں کا آغاز کیا، جن کا اب اختتام ہوچکا ہے۔