- الإعلانات -

سلمان تاثیر کے بیٹے کو بازیاب کرالیا گیا

کوئٹہ : سابق گورنر پنجاب سلمان تاثیر کے بیٹے کو کوئٹہ کے علاقے کچلاک سے بازیاب کرالیا گیا، وزیر داخلہ چوہدری نثار اور آئی ایس پی آر نے شہباز تاثیر کی بازیابی کی تصدیق کردی، ایف سی نے حفاظتی تحویل میں لے لیا جلد محفوظ مقام پر منتقل کردیا جائے گا۔

ایف سی ترجمان کا کہنا ہے کہ شہباز تاثیر کو افغان سرحد کے قریب واقع کوئٹہ کے علاقے کچلاک کے ایک ہوٹل میں رکھا گیا تھا، پولیس، ایف سی اور حساس اداروں نے مشترکہ کارروائی کرکے سابق گورنر پنجاب سلمان تاثیر کے بیٹے کو بازیاب کرالیا۔

وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے سینیٹ کے اجلاس کے دوران گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ شہباز تاثیر کو بازیاب کرالیا گیا ہے۔

ایس ایس پی آپریشنز اعتزاز گورایہ نے بھی شہباز تاثیر کی بازیابی کی تصدیق کردی۔

واضح رہے کہ مقتول گورنر پنجاب سلمان تاثیر کے بیٹے شہباز تاثیر کو اگست 2011ء میں لاہور کے علاقے گلبرگ سے اغواء کیا گیا تھا، ان کی رہائی کیلئے ملزمان نے 50 کروڑ روپے تاوان بھی طلب کیا تھا۔