- الإعلانات -

شہباز تاثیر کو کوئٹہ سے لاہور انکی رہائش گاہ پہنچا دیا گیا

لاہور: سابق گورنر پنجاب سلمان تاثیر کے بیٹے شہباز تاثیر ساڑھے چار سال بعد کوئٹہ سے بازیابی کے بعد اپنے گھر لاہور پہنچ گئے۔ تفصیلات کے مطابق سابق گورنر پنجاب سلمان تاثیر کے صاحبزادے شہباز تاثیر کو ساڑھے چار سال قبل 26 اگست 2011ءمیں جمعہ کے روز گھر سے آفس جاتے ہوئے گلبرگ کے علاقہ میں مسلح ملزمان نے اغواءکر کے نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا تھا۔ گزشتہ روز شہباز تاثیر کو پاکستان کے حساس اداروں نے بازیاب کروا لیا تھا جس کے بعد بدھ کے روز شہباز تاثیر کو کوئٹہ سے خصوصی طیارے کے ذریعے علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئر پورٹ پہنچا دیا گیا جہاں پر انہیں سخت سکیورٹی حصار میں انکی رہائش گاہ کیولری گراﺅنڈ پہنچا دیا گیا۔ لاہور ایئر پورٹ پر شہباز تاثیر کی والدہ آمنہ تاثیر اور بیوی ماہین شہباز تاثیر سمیت دیگر فیملی ممبران نے ان کا والہانہ استقبال کیا اور شہباز تاثیر کی گاڑی میں والدہ سمیت دیگر فیملی ممبران کی موجودگی میں انہیں گھر منتقل کر دیا گیا۔ شہباز تاثیر کے گھر پہنچنے پر فیملی کے دیگر ممبران سمیت ملازمین نے ان کا پرتپاک استقبال کیا۔ شہباز تاثیر کی گھر آمد سے قبل ہی سکیورٹی اداروں نے ان کی رہائش گاہ کے گردونواح میں سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کئے تھے۔