- الإعلانات -

پی ٹی آئی کور کمیٹی کا اداروں کے درمیان ہم آہنگی بڑھانے کے لئے کردار ادا کرنے کا فیصلہ

وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ حکومت قانون اور آئین کی بالادستی پر یقین رکھتی ہے،اداروں کے درمیان کسی قسم کا تصادم پاکستان کے مفاد میں نہیں،وزیراعظم کی زیر صدارت پی ٹی آئی کور کمیٹی کے اجلاس میں سابق صدر پرویز مشرف کیس سے متعلق عدالتی فیصلے کا جائزہ لیا گیا اور آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی مدت ملازمت میں توسیع کے معاملے پر بھی مشاورت کی گئی

میڈیارپورٹس کے مطابق  پی ٹی آئی کور کمیٹی نے اداروں کے درمیان ہم آہنگی بڑھانے کے لئے کردار ادا کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔دوسری جانب کھاد کی قیمتوں میں اضافہ کے معاملے پر وزیراعظم عمران خان کی ہدایت پر 6 رکنی کمیٹی تشکیل دے دی گئی، کمیٹی کھاد کی قیمتوں میں کمی کے لئے سفارشات مرتب کرے گی، کمیٹی کا پہلا اجلاس 20 دسمبر کو طلب کر لیا گیا۔ وفاقی وزیر نیشنل فوڈ خسرو بختیار اور مشیر تجارت کمیٹی میں شامل ہیں جبکہ وفاقی وزیر منصوبہ بندی،وزیر توانائی اور پٹرولیم ڈویژن کےحکام بھی کمیٹی کےممبران ہوںگے۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ حکومت قانون اور آئین کی بالادستی پر یقین رکھتی ہے لیکن اداروں کے درمیان کسی قسم کا تصادم پاکستان کے مفاد میں نہیں ہے، ادارے اپنے آئینی اور قانونی دائرہ اختیار میں رہتے ہوئے فرائض سر انجام دیں، حکومت آئینی اور قانونی ذمہ داریوں کی ادائیگی میں معاونت کو یقینی بنائے گی۔وزیراعظم نے کہا کہ ہمیں اتحاد یکجہتی سے قومی مسائل کو حل کرنا ہوگا،بیرونی قوتیں پاکستان کو کمزور کرنے کے لئے جن سازشوں میں مصروف ہیں ان میں ناکامی ہو گی، افواج پاکستان نے ملک کو پر امن بنانے کے لئے لازوال قربانیاں دیں،ہمیں اتحاد اور یکجہتی سے قومی مسائل کو حل کرنا ہوگا۔ذرائع کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے وزرا کو عدالتوں کے فیصلوں پر بیانات دینے سے روک دیا۔