- الإعلانات -

مشرف کو سزا سے سرحد پر کھڑے ہر سپاہی کو دکھ ہوا ہے، چوہدری شُجاعت

لاہور: پاکستان مسلم لیگ (ق) کے رہنما چوہدری شجاعت حسین نے کہا ہے کہ کسی بھی ملک میں آرمی چیف آسانی سے نہیں بنتا، مشرف نے اِس ملک کے لئے بہت سے کام کیے ہیں، مشرف کو سزا سے سرحد پر کھڑے ہر سپاہی کو دکھ ہوا، ہمیں فوج کے اُس سپاہی کے جذبات کی بھی قدر کرنی چاہیے

ق لیگ کے رہنما چوہدری شجاعت حسین نے کہا ہے کہ مشرف ہو یا کوئی اور فوجی، جنرل کے عہدے تک پہنچنے کیلئے قابلیت، احساسات اور ملک و قوم سے محبت کے جذبات اُس میں کوٹ کوٹ کر بھرے ہوتے ہیں، کسی بھی فوج کےلئے مشکل ہوتا ہے کہ اگر اُس کے سپہ سالار پر غداری کا الزام لگایا جائے۔

انہوں نے کہا ہے کہ کسی بھی ملک میں آرمی چیف آسانی سے نہیں بنتا، مشرف نے اِس ملک کے لئے بہت سے کام کیے ہیں، سابق صدر کو سزا سے سرحد پر کھڑے ہر سپاہی کو دُکھ ہوا ہے ، ہمیں فوج کے اُس سپاہی کے جذبات کی بھی قدر کرنی چاہیے، 1947 سے آج تک ہزاروں مثالیں ملتی ہیں کہ ہمارے فوجی جوانوں نے ملک و قوم کی خاطر اپنی جانیں قربان کیں اور وطن عزیز کا دفاع کیا۔

چوہدری شُجاعت نے مزید کہا ہے کہ کچھ  لوگ اپنی جھوٹی اور جعلی قابلیت کی بنیاد پر عوام کو گمراہ کر رہے ہیں، فوج کے خلاف اپنے ڈرائنگ رومز اور ٹی وی شوز میں بیٹھ کر مباحثوں کے دوران اپنی جھوٹی قابلیت کو اُجاگر کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔