- الإعلانات -

”میری عوام سے درخواست ہے کہ۔۔۔“ ڈی جی آئی ایس پی آر نے عوام سے کیا درخواست کی؟

تفصیلات کے مطابق ڈی جی آئی ایس پی آر نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ عدالتی فیصلے کے بعد آرمی چیف اور وزیراعظم کی آپس میں کیا بات چیت ہوئی اور اس میں کیا فیصلے ہوئے اس سے حکومت تھوڑے عرصے میں آگاہ کرے گی، میری عوام سے درخواست ہے کہ وہ افواج پاکستان پر اپنا اعتماد رکھیں، ہم ملک میں کسی صورت انتشار نہیں پھیلنے دیں گے اور ایسا کرتے ہوئے اپنے ادارے کی عزت اور وقار کو ملک کی عزت اور وقار کیساتھ قائم رکھیں گے اور انشاءاللہ جتنے بھی دشمن ہیں، خواہ وہ اندرونی ہیں یا بیرونی ہیں، ان کے آلہ کار ہیںخ انہیں ہم بھرپور جواب دیں گے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ افواج پاکستان صرف ایک ادارہ نہیں خاندان ہے، ہم عوام کی افواج ہیں اور جذبہ ایمانی کے بعد عوام کی حمایت سے مضبوط ہیں ،ہم ملک کا دفاع بھی جانتے ہیں اور ادارے کی عزت اور وقار کا دفاع بھی بہت اچھی طرح جانتے ہیں لیکن ہمارے لئے ملک پہلے ہے اور ادارہ بعد میں ہے، اگر آج ملک کو ادارے کی قربانیوں، کارکردگی اور ہماری یکجہتی کی ضرورت ہے تو ہم دشمن کے ڈیزائن میں آ کر ان چیزوں کو خراب نہیں ہونے دیں گے اور انشاءاللہ ملک کی عزت اور وقار کیساتھ ساتھ ادارے کی عزت و وقار کا بھی بھرپور دفاع کریں گے۔