- الإعلانات -

پرویز مشرف افواج پاکستان کے سپہ سالار رہے،وہ کیسے غدار ہو سکتے ہیں:میجر (ر)طاہر صادق

پاکستان تحریک انصاف کےرکن قومی اسمبلی میجر(ر)طاہرصادق نےکہاہےکہ سابق صدرپرویز مشرف افواجِ پاکستان کے سپہ سالار رہے ہیں،وہ کیسے غدار ہو سکتے ہیں؟ آئین شکنی جرم ہے تو اِس میں شریک تمام مجرمان کے خلاف کیس کی دوبارہ سماعت ہونی چاہیے،فیصلے سے پاک فوج سمیت پوری قوم میں اضطراب پایا جاتا ہے۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور مشرف دور میں اٹک سے ضلع ناظم رہنے والے میجر(ر) طاہر صادق کا کہنا تھا کہ پرویز مشرف اس وقت دبئی کے ایک ہسپتال میں زیر علاج اور شدید علیل ہیں، پرویز مشرف ایک پسندیدہ عوامی شخصیت تھے،اُنہوں نے دفاع وطن کیلئے جنگیں لڑیں اور اب بھی ملک میں انکے فالوورز کی کمی نہیں، کسی کو اُن سے سیاسی اختلاف تو ہو سکتا ہے لیکن وہ کم ازکم ایک غدار نہیں ہو سکتے۔اُنہوں نے کہا کہ خصوصی عدالت کے تفصیلی فیصلے سے نہ صرف افواج پاکستان بلکہ پوری قوم میں اضطراب پایاجاتاہے،پرویزمشرف افواج پاکستان کے سپہ سالاررہےہیں،وہ کیسےغدارہو سکتےہیں؟آئین شکنی جرم ہے تو اس میں شریک تمام مجرمان کے خلاف کیس کی دوبارہ سماعت ہونی چاہیے۔اُنہوں نے کہا کہ پاکستانی قوم آگے ہی اتنے بحرانوں سےگذر رہی تھی کہ ایسی صورتحال پیدا کردی گئی ہے کہ جہاں خدانخواستہ اداروں میں ٹکراؤ کی فضا بنتی نظر آرہی ہے،پاکستانی قوم اپنی افواج کا مورال کسی صورت کم نہیں ہونے دے گی اور کسی بھی صورتحال میں فوج کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔اُنہوں نےکہا کہ یہ فیصلہ پاگل پن کی انتہا ہے،کیا ہم اُس شخص کوملک و قوم کیلئے خدمات کا صلہ اِس طرح سے دیں گے؟یہ سب شرمناک ہے،ہم سب اس کارروائی سے شکستہ دل ہیں۔