- الإعلانات -

دہشتگردی سے پاک کیے گئے علاقوں پر نظر رکھی جائے، آرمی چیف

راولپنڈی: آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے پاک افغان سرحد پر مؤثر انتظامات کیلئے ہدایات دیتے ہوئے کہا ہے کہ ریاستی رٹ کی بحالی کیلئے دہشتگردی سے پاک کیے گئے علاقوں پر نظر رکھی جائے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے جاری بیان میں کہا گیا کہ آرمی چیف جنرل راحیل شریف کی زیر صدارت کور کمانڈر کانفرنس میں ملک کی اندرونی اور بیرونی صورتحال، خطے کی سیکورٹی کی صورتحال اور پیشہ ورانہ امور کا جائزہ لیا گیا۔

اجلاس میں خطے کی بدلتی سیکیورٹی صورتحال اور اس کے پاکستان پر ممکنہ اثرات کا جائزہ بھی لیا گیا۔

آرمی چیف نے وفاق کے زیر انتظام قبائلی علاقے فاٹا میں آپریشن کے باعث اندرونی طور پر بے دخل ہونے والے افراد کی بحالی کو مقررہ وقت میں مکمل کرنے کی ہدایت کیں۔

جنرل راحیل نے ملک بھر میں خفیہ اطلاعات کے تحت آپریشن کو تیز کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے شوال اور شمالی وزیرستان کے علاقوں میں جاری آپریشن پر مکمل اطمینان کا اظہار کیا۔

آرمی چیف نے ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ ملک بھر میں خفیہ اطلاعات پر مبنی آپریشن کو تیز کیا جائے، آپریشن کو تیز کرنے کا مقصد پورے ملک سے دہشتگردی کا خاتمہ ہے۔

جنرل راحیل شریف نے آپریشن ضرب عضب میں قربانیاں دینے والے افسروں اور جوانوں کو خراج تحسین پیش کیا۔

اس موقع پر آرمی چیف نے اس عزم کا اظہار کیا کہ کسی بھی قیمت پر ان آپریشنز کے فوائد سے سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔