- الإعلانات -

، وزیر اعظم عمران خان کا اشیائے ضروریہ کی قیمتوں پر کنٹرول کے حوالے سے اجلاس سے خطاب

 وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ عام آدمی کو ریلیف کی فراہمی موجودہ حکومت کی واحد ترجیح ہے، مشکل معاشی حالات کے باوجود عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کیا جائے، تمام متعلقہ وزارتیں دو روز کے اندر عوام کو ریلیف کی فراہمی کے لئے کئے گئے اقدامات کے حوالے سے تفصیلی رپورٹ پیش کریں، کھاد کی قیمتوں میں 400 روپے تک کمی لانے کے لئے اقدامات اور بی آئی ایس پی کے تحت ماہانہ وظیفے میں اضافہ کی تجویز کو جلد حتمی شکل دی جائے۔ ان خیالات کا اظہارانہوں نے جمعرات کو اپنی زیرصدارت اشیائے ضروریہ کی قیمتوں پر کنٹرول اور عام آدمی کو ریلیف پہنچانے کے اقدامات کے حوالے سے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں وزیرِ منصوبہ بندی اسد عمر، وزیرِ برائے فوڈ سکیورٹی مخدوم خسرو بختیار، مشیر تجارت عبدالرزاق داؤد، مشیر خزانہ ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ، معاون خصوصی برائے اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان، معاون خصوصی ندیم افضل چن اورسابق وزیرِ خزانہ شوکت ترین شریک تھے۔ اجلاس میں اشیائے ضروریہ کی قیمتوں پر موثر کنٹرول اور مہنگائی کے خلاف کم آمدنی والے اور غریب طبقے کو ریلیف فراہم کرنے کے حوالے سے مختلف تجاویز پر غور کیا گیا۔ وزیرِ اعظم نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کو اس بات کا بخوبی ادراک ہے کہ مشکل ترین ملکی معاشی حالات، معیشت کی بہتری کے لئے کی جانے والی اصلاحاتی عمل میں عوام کے لئے اور خصوصاً کم آمدنی والے اور غریب طبقے کے لئے مشکلات ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی بھرپور کوشش ہے کہ مشکل معاشی حالات کے باوجود عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کیا جائے۔ وزیرِ اعظم نے کہا کہ حکومت نے احساس پروگرام کے لئے 190ارب روپے مختص کیے ہیں۔ انہوں نے کہا صحت انصاف کارڈ کے ذریعے غریب افراد کے خاندانوں کو سات لاکھ بیس ہزار روپے کی انشورنس مہیا کی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بنیادی اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں کمی لانے کے لئے حکومت نے یوٹیلیٹی اسٹورزکو سات ارب روپے مہیا کیے ہیں۔ وزیرِ اعظم نے کہا کہ اشیا ضروریہ کی فراہمی کو یقینی بنانے اور ان کی قیمتوں پر کنٹرول، ناجائز منافع خوری اور ذخیرہ اندوزی کی روک تھام کے لئے تمام ممکنہ انتظامی اقدامات برؤے کار لائے جا رہے ہیں۔ اس ضمن میں وہ صوبائی حکومتوں کے ساتھ متعدد اجلاس کر چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان اقدامات کے علاوہ عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لئے مزید اقدامات کی نشاندہی کی جائے اور اس سلسلے میں ٹائم لائنز پر مبنی واضح لائحہ عمل تشکیل دیا جائے جس میں تمام وزارتوں کی ذمہ داریوں کا تعین کیا جائے۔ وزیرِ اعظم نے ہدایت کی کہ بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے تحت ماہانہ وظیفے میں اضافہ کرنے کی تجویز کو جلد از جلد حتمی شکل دی جائے تاکہ اس پر حتمی فیصلہ کیا جاسکے۔ کسانوں اور خصوصاً چھوٹے کاشتکاروں کو ریلیف فراہم کرنے کے لئے وزیرِ اعظم نے مشیر تجارت کو ہدایت کی کہ کھاد کی قیمت میں چار سو روپے تک کمی لانے کے حوالے سے تجاویز اور مطلوبہ اقدامات کو جلد از جلد حتمی شکل دی جائے۔ وزیرِ اعظم نے کہا کہ موجودہ حکومت کی واحد ترجیح عام آدمی کو ریلیف کی فراہمی ہے۔ وزیرِ اعظم نے ہدایت کی تمام متعلقہ وزارتیں آئندہ دو روز میں عوام کو ریلیف کی فراہمی کے ضمن میں اقدامات پر عمل درآمداور ان کے نتائج پر تفصیلی رپورٹ پیش کریں