- الإعلانات -

غیرمعیاری و مضرصحت اشیاء فروخت کرنے والے رعایت کے مستحق نہیں، مومنہ وحید

چیئر پرسن سٹینڈنگ کمیٹی فار چیف منسٹر انسپیکشن ٹیم و رکن پنجاب اسمبلی مومنہ وحید نے کہا ہے کہ غیرمعیاری، مضرصحت اور ملاوٹ والی اشیاء فروخت کرنے والے عناصرکسی رعایت کے مستحق نہیں، پنجاب فوڈ اتھارٹی کھانے پینے والی اشیاء میں ملاوٹ کرنے والوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائی جاری رکھے ہوئے ہے، یہاں جمعہ کے روز جاری اپنے بیان میں انہوں نے کہاکہ خوردنی تیل، گھی، دودھ، مصالحہ جات ، پانی اور دیگر اشیاء میں ملاوٹ کرنے والوں کو بے نقاب کیا جائے، ایسے عناصر کی جگہ جیل ہے، اس گھناؤنے کاروبار میں ملوث افراد کے خلاف ایسا کڑا ایکشن لیا جائے کہ ان کی نسلیں یاد رکھیں۔ انہوں نے کہا کہ انسانی زندگیوں سے کسی کو کھیلنے کی اجازت نہیں دی جاسکتی، انتظامیہ پنجا ب کے دیگر اضلاع میں بھی ملاوٹ والی اشیاء کے خلاف بلاامتیاز کریک ڈاؤن جاری رکھے۔ انہوں نے کہا غیرمعیاری اشیاء فروخت کرنے والے ہوٹلوں، ریسٹورانٹس ، بیکریوں ، دکانوں اور کھانے پینے کی اشیاء تیار کرنے والی فیکٹریوں کے خلاف موثر ایکشن لینے پر پنجاب فوڈ اتھارٹی کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں، پنجاب فوڈ اتھارٹی اب حقیقی معنوں میں فعال اور موثر کردار ادا کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب فوڈ اتھارٹی کو تمام وسائل دیں گے تاہم اسے صحیح معنوں میں مکروہ کاروبار کرنے والوں کو کیفر کردار تک پہنچانا ہوگا