- الإعلانات -

فیصل آباد کی تمام تاجر اور صنعتکاروں تنظیموں نے 8فروری کو چوک گھنٹہ گھرمیں جلسہ کرنے اور مطالبات منظور نہ ہونے کی صورت میں 10فروری سے مکمل ہڑتال کا اعلان کر دیا۔ شہر بھرکی ڈیڑھ سو سے زائد تاجر اور صنعتکار تنظیموں نے گذشتہ روز چوک گھنٹہ گھر میں احتجاجی کیمپ لگایا۔

تاجر رہنمائوں نے احتجاجی کیمپ کے شرکاءسے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ فیصل آباد کی معیشت کے تمام سیکٹر یکجا ہیں اور ہم اپنے اتحاد سے حکومت کو مذاکرات کی میز پر آنے پر مجبور کردیں گے۔ انہوں نے کہا کہ آٹھ فروری کا جلسہ اور دس فروری کی ہڑتال میں شہر بھر کی صنعتی و تاجر تنظیموں کے ساتھ ساتھ ٹرانسپورٹرز بھی شامل ہوں گے۔ انہوں نے بتایا کہ پاکستان تحریک انصاف نے اپنے منشور میں لوگوں کو ریلیف دینے کیلئے بجلی، گیس اور پٹرول کو سستا کرنے کا اعلان کیا تھا مگر آج ا±ن کی صنعت اور تاجر کش پالیسیوں کی وجہ سے صنعتکاروں اور تاجروں سمیت ہر طبقہ پریشان ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایک کروڑ لوگوں کو نوکریاں دینے کے اعلان کے برعکس حکومتی اقدامات سے فیصل آباد کی نصف سے زائد صنعتیں بند ہو چکی ہیں جبکہ باقی بھی آئندہ چند ماہ تک بند ہو جائیں گی جس کی وجہ سے مہنگائی کے بعد بے روزگاری کا نیا سیلاب سب کچھ بہا کر لے جائے گا۔ انہوں نے بزنس کمیونٹی کو ملک کا پر امن ترین طبقہ قرار دیا اور کہا کہ حکومت نے ایسے حالات پیدا کر دیئے کہ آج وہ بھی سڑکوں پر آنے پر مجبور ہیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ بجلی کے نرخ کم کئے جائیں۔ برآمد کنندگان کیلئے زیر وریٹ کی سہولت بحال کی جائے، ریفنڈز ادا کئے جائیں۔ خریداری پر شناختی کارڈ کی شرط ختم کی جائے اور تاجروں کیلئے سالانہ ٹرن اوور کی سلیب 10کروڑ سے بڑھا کر100کروڑ کی جائے

مقررین نے کہا کہ حکومت سے مذاکرات کے دروازے کھلے ہیں اور اس سلسلہ میں میاں نعیم احمد اور عارف احسان ملک کی قیادت میں 30ممبران پر مشتمل مشترکہ ایکشن کمیٹی قائم کر دی گئی ہے۔ تاہم مذاکرات کی کامیابی کا تمام تر دارومدار حکومتی رویہ پر ہے۔ اس موقع پر انجمن تاجراں کے خواجہ شاہد رزاق سکا اور سپریم انجمن تاجراں کے اسلم بھلی سمیت دیگر راہنمائوں نے بھی خطاب کیا۔

ہڑتال میں جن تنظیموں کے نمائندوں نے شرکت کی ان میں پاکستان ٹیکسٹائل ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن، آل پاکستان ٹیکسٹائل پروسیسنگ ملز ایسوسی ایشن، آل پاکستان ٹیکسٹائل ملز ایسوسی ایشن، پاکستان ہوزری مینو فیکچررز ایسوسی ایشن، آل پاکستان ٹیکسٹائل پاور لومز ایسوسی ایشن، آل پاکستان سائزنگ انڈسٹریز ایسوسی ایشن، آل پاکستان بیڈ شیٹس اینڈ اپ ہولسٹری مینو فیکچررز ایسوسی ایشن، پاکستان یارن مرچنٹس ایسوسی ایشن، فیصل آباد ڈائز اینڈ کیمیکلز ٹریڈرز گروپ، آل پاکستان ایمبرائیڈری ایسوسی ایشن، فیصل آباد فونڈری اینڈ انجینئرنگ اونرز ایسوسی ایشن، فیصل آباد فلور ملز ایسوسی ایشن، انجمن تاجراں سٹی رجسٹرڈ، الیکٹرانک اینڈ انسٹالمنٹ ایسوسی ایشن، سپریم انجمن تاجراں، پنجاب سمال انڈسٹریل اسٹیٹ، فیصل آباداولڈ موٹرز ایسوسی ایشن، صدر غلہ منڈی، جیولرز ایسوسی ایشن، فرنیچر ایسوسی ایشن، پرنٹنگ اینڈ گرافک کارڈز ایسوسی ایشن اور فیصل آبا دنٹ اینڈ بولٹ مینو فیکچررز ایسوسی ایشن وغیرہ شامل ہیں۔