- الإعلانات -

ملک کو قرضوں کی دلدل میں دھکیلنے کے بعد آلِ شریف اور ان کے حواری مختلف حیلوں بہانوں سے سیر سپاٹے اور عیاشیاں کر رہے ہیں

راولپنڈی میں گفتگو کرتےہوئے فیاض الحسن چوہان کا کہنا تھا کہ عمران خان کی قیادت میں پاکستان تحریک انصاف کی حکومت نہ صرف اپنی موجودہ مدت تزک و احتشام سے پوری کرے گی بلکہ اگلے پانچ سال بھی بے مثال عوامی خدمت کے صلے میں برسر اقتدار آئے گی، مسلم لیگ (ن) کے قائدین اپنے ووٹروں کو ہر روز نت نئے طریقوں سے ورغلا کر اپنی ساکھ برقرار رکھنے کی ناکام کوششیں کر رہے ہیں،پاکستانی عوام آلِ شریف کی اپنے دور میں کی جانے والی لوٹ مارسے بخوبی آگاہ ہیں اور ان کی کسی بھی چال میں نہیں آئیں گے۔

صوبائی وزیر  اطلاعات پنجاب فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت ملک سے غربت, جہالت, بے روزگار ی سمیت تمام مسائل کو حل کر کے بہت جلد پاکستان کو ترقی و خوشحالی کے منزل سے ہمکنار کرے گی، تحریک انصاف کی مقامی قیادت اپنے اپنے حلقوں میں حکومت کے فلاحی منصوبوں سے زیادہ سے زیادہ شہریوں کو مستفید کرانے کے لئے ان کی مدد اور رہنمائی کریں تاکہ حقیقی ترقی کا عمل پایہ تکمیل تک پہنچ سکے،مقامی قائدین اورکارکنان اپنے اپنے حلقوں میں حکومتی ترقیاتی سکیموں سے عام آدمی کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کرنے کے لیئے اپنے آپ کو وقف کر دیں ۔
 میاں نوازشریف اپنی پلیٹیں ٹھیک کرانے کے لئے بیرون ملک چلے گئے ہیں لیکن اُنکے پیچھے اِن کے چھوڑے گئے چمچے کڑچھے کھڑک رہے ہیں،ملک کو قرضوں کی دلدل میں دھکیلنے کے بعد آلِ شریف اور ان کے حواری مختلف حیلوں بہانوں سے سیر سپاٹے اور عیاشیاں کر رہے ہیں جبکہ عمران خان کی قیادت میں پاکستان تحریک انصاف کی حکومت ملکی قرضوں اور اس پر سود کی ادائیگی کے بعد ملک کو دیوالیہ ہونے سے بچا کر حقیقی ترقی و خوشحالی کی شاہراہ پر گامزن کر چکی ہے،نام نہاد خادم اعلی میاں شہباز شریف کا برطانوی صحافی ڈیوڈ روز کی طرف سے لگائے گئے الزامات کے جواب میں چھ ماہ کے بعد برطانوی عدالت میں جانا کئی سوالوں کو جنم دے رہا ہے۔