- الإعلانات -

حکمران جماعت سے ناراض اتحادیوں کو منانے کے لئے چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی میدان میں آ گئے

نجی ٹی وی کے مطابق حکومت سے ناراض  ایم کیو ایم پاکستان کو منانے کےلئے چیئرمین سینیٹ متحدہ کے مرکز مرکز بہادر آباد پہنچ گئے جہاں  رابطہ کمیٹی کے رکن عامر خان نے صادق سنجرانی کا استقبال کیا۔ایم کیو ایم رہنماؤں سے ملاقات کے دوران خالد مقبول صدیقی نے صادق سنجرانی سے کہا کہ بڑی دیر کی مہرباں آتے آتےجس پر چیئرمین سینیٹ نے مسکراتے ہوئے جواب دیا کہ میں پہلے بھی آیا تھا لیکن آپ سے ملاقات نہیں ہوسکی تھی،روایتی گرم جوشی کے ساتھ ہونے والی ملاقات میں چیئرمین سینیٹ نے خالد مقبول صدیقی کو مسائل کے حل کے لیے کابینہ کا حصہ بننے کا مشورہ دیا۔ایم کیو ایم کے کنوینر خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ چیئرمین سینیٹ کے انتخاب کے موقع پر ہم نے صادق سنجرانی کا ساتھ دیا تھا،امید ہے کہ ہمارے مطالبات کی منظوری کے لیے چیئرمین سینیٹ ہمارا ساتھ دیں گے۔چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ کراچی کے موسم کے ساتھ سیاسی موسم بھی گرم چل رہا ہے، آپ کی کابینہ سے علحیدگی کی خبر سنی تو دلی افسوس ہوا،آپ کے معاملات پر حکومتی کمیٹی کام کر رہی ہے جلد معاملات حل ہوں گے،خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ عوامی مسائل جن کے لیے حکومت سے اتحاد کیا وہ حل ہو جائیں یہ وزارتیں تو آنی جانی ہیں،ہماری کمیٹی تو شروع سے ایک ہی ہے البتہ حکومتی کمیٹی کئی بار تبدیل ہوچکی ہے۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے ایم کیو ایم رہنما عامر خان نے کہا کہ بس انتظار ہے کہ معاملات پر پیش رفت کب ہوتی ہے؟

یاد رہے کہ ایم کیو ایم پاکستان کو منانے کے لئے اس سے قبل پرویز خٹک ،جہانگیر ترین اور اسد عمر بہادر آباد کا دورہ کر چکے ہیں ۔