- الإعلانات -

کشمیری عوام کاساتھ دینا ہمارا فرض ہے، سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر

(اے پی پی) سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا ہے کہ مشکل کی اس گھڑی میں کشمیری عوام کاساتھ دینا ہمارا فرض ہے کیونکہ یہ انسانیت کا مسئلہ ہے، کشمیریوں کے ساتھ تھے اور ہمیشہ رہیں گے، ہر قسم کی سیاسی وابستگیوں سے بالا تر ہو کر مسئلہ کشمیر پر مشترکہ قرار داد منظور کریں گے۔ پیر کو ایف نائن پارک میں یوم یکجہتی کشمیر کی مناسبت سے منعقد ہونے والی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سپیکر نے کہا کہ کشمیری عوام نے اپنے حق خود ارادیت کے حصول کے لئے لازوال قربانیاں دی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی وزیر اعظم نریندر کمار مودی آر ایس ایس اور ہٹلر کی سوچ پر عمل پیرا ہے۔ کشمیریوںپر بھارتی مظالم کی انتہا ہو چکی ہے اور ان مظالم کی مثال دنیا کی تاریخ میں ملنا مشکل ہے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام کاساتھ دینا ہمارا فرض ہے۔ کشمیری اپنے شہداءکو پاکستانی پرچم میں دفن کرتے ہیں اور پاکستان زندہ باد کا نعرہ لگاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر کامسئلہ انسانیت کا مسئلہ ہے۔ عالمی برادری کو اس انسانی المیے پر توجہ دینی چاہیے۔ مودی نے کشمیری عوام سے بنیادی حقوق چھین لئے ہیں۔ ہر پاکستانی کشمیریوں کے ساتھ تھا ہے اور ہمیشہ رہے گا۔ سپیکر قومی اسمبلی کاکہنا تھا کہ تمام سیاسی وابستگیوں سے بالا تر ہو کر مسئلہ کشمیر پر مشترکہ قرار داد منظور کی جائے گی کیونکہ کشمیریوں نے پاکستان کے لئے بے انتہا قربانیاں دی ہیں۔ اسد قیصر کا کہنا تھا کہ یہ کیسی جمہوریت ہے کہ وہاں رہنے والوں کو قید کر دیا جائے۔ مقبوضہ کشمیر میں ادویات اور خوراک کی شدید قلت پیدا ہو چکی ہے۔ کشمیر میں ذرائع ابلاغ پر بھی پابندی لگا دی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں بسنے والا ہر پاکستانی کشمیریوں کے ساتھ ہے۔ سپیکر قومی اسمبلی نے اس موقع پر کشمیری عوام سے اظہار یکجہتی کے لئے مہران گیٹ سے ایوان قائد اعظم تک واک میں بھی شرکت کی