- الإعلانات -

موجودہ دور میں مہنگائی کی شرح بہت بڑھ گئی ہے اور بے بس پارلیمینٹ میں مہنگائی پر بات ہو رہی ہے، ہمارے عوام ہم سے پوچھ رہے ہیں کہ اپنے بچے کو کھانا کھلائیں یا بجلی اور گیس کے بل دیں لیکن حکومت کہتی ہے کہ مہنگائی نہیں ہے اور معیشت ترقی کر رہی ہے بلاول بھٹو

تفصیلات کے مطابق قومی اسمبلی کے اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ مہنگائی نے اس ملک کے عوام کا جینا حرام کر دیا ہے۔ جب یہ حکومت آئی تھی تو مہنگائی اور بیروزگاری تھی مگر اب اس میں اضافہ ہو گیا ہے اور عوام مہنگائی میں پس رہے ہیں، جب یہ حکومت آئی تو معیشت لڑکھڑا رہی تھی لیکن اب ڈوب رہی ہے جبکہ حکومت بیروزگاری کا مقابلہ کرنے کیلئے کچھ بھی نہیں کر رہی، آج اس ایوان میں عوام کا سب سے اہم ایشو زیر بحث ہے لیکن چھوٹے وزیر موجود ہیں لیکن کوئی سینئر وزیر یہاں نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ دور میں مہنگائی کی شرح بہت بڑھ گئی ہے اور بے بس پارلیمینٹ میں مہنگائی پر بات ہو رہی ہے، ہمارے عوام ہم سے پوچھ رہے ہیں کہ اپنے بچے کو کھانا کھلائیں یا بجلی اور گیس کے بل دیں لیکن حکومت کہتی ہے کہ مہنگائی نہیں ہے اور معیشت ترقی کر رہی ہے، اگر یہ ظلم عوام کا معاشی قتل نہیں ہے تو اور کیا ہے ، ہمیں سب یاد ہے کہ جب عمران خان کہتا تھا کہ وزیراعظم کرپٹ ہوتا ہے تو مہنگائی بڑھتی ہے ، وزیراعظم کو ہمیں بتانا چاہئے کہ اس کی کون سی کرپشن کی وجہ سے مہنگائی میں اتنا اضافہ ہوا ہے، یا پھر مان لیں کہ وہ نالائق، نااہل اور سلیکٹڈ ہے اور اسے گھر جانا ہو گا۔

جب آپ کی حکومت نااہل، نالائق اور سلیکٹڈ ہو، عوام کے نمائندے نہ ہوں تو پھر عوام کے درد کا احساس بھی نہیں ہوتا، آئی ایم ایف کے سامنے جھک جاتے ہیں، اپنے غریب عوام کے معاشی حقوق پر سودہ بازی کرتے ہیں، پاکستان کی معاشی خودمختاری پر سودے بازی کرتے ہیں تو پھر مہنگائی بڑھتی ہے جیسے آج بڑھ رہی ہے۔ عمران خان کہتے تھے کہ قرض نہیں لیں گے بلکہ خودکشی کرنے کو ترجیح دیں گے لیکن پاکستان کا اپنا سٹیٹ بینک یہ کہتا ہے کہ گزشتہ 15 مہینوں میں حکومت نے 11 ہزار ارب روپے کا قرض لیا ہے۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ یہ حکومت ہمیشہ ماضی کی بات کرتی ہے، پاکستان پیپلز پارٹی کے دور میں 2008ءسے 2013ءتک ہر روز پانچ ارب روپے قرض لیا تھا اور مسلم لیگ (ن) کے دور میں ہم نے ہر روز 8 ارب روپے قرض لیا تھا جبکہ پی ٹی آئی کے حکومت کے دوران ہر روز 25 ارب روپے کا قرض لیا، ہم عمران خان کی خودکشی کا مطالبہ نہیں کرتے لیکن یہ مان لیں کہ وہ نالائق ہیں ، ہمارا مطالبہ ہے کہ عوام کو ریلیف دیں ورنہ گھر جانا پڑے گا۔