- الإعلانات -

حکومت نے اوورسیز پاکستانیوں کو پاکستان رقوم بھجوانے کے بدلے میں مراعات دینے کا پلان مرتب کر لیا

 حکومت نے اوورسیز پاکستانیوں کو پاکستان رقوم بھجوانے کے بدلے میں مراعات دینے کا پلان مرتب کر لیا۔ نئے منصوبہ پر عملدرآمدسے امیگرنٹس کو ہوائی ٹکٹ پر رعایت اور مقررہ حد سے زیادہ سامان کے ساتھ ساتھ 2 موبائل بھی مفت لانے کی اجازت ہوگی۔ امیگرنٹس کے خاندانوں کو یوٹیلیٹی سٹورز سے اشیاء خوردنی کی خریدار ی پر بھی رعایت دی جائے گی۔ اس منصوبے کا مقصد بیرون ممالک مقیم پاکستانیوں کو قانونی ذرائع سے پاکستان رقوم بھجوانے اور حوالہ ہنڈی کی حوصلہ شکنی کرنا ہے۔ بیورو آف امیگریشن کے سینئر آفیسر نے اے پی پی سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ امیگرنٹس کیلئے مراعات کا آئیڈیا ترسیلات زر کے حوالے سے قائم کمیٹی نے دیا ہے جس کی سربراہی مشیر خزانہ ڈاکٹر حفیظ شیخ کر رہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ حالیہ میٹنگ میں وزارت سمندر پار پاکستانیز نے بیرون ممالک جانے والے افراد کے نئے بینک اکائونٹس کھلوانے میں معاونت پر رضا مندی ظاہر کی ہے۔ بیورو آف امیگریشن کو باہر جانیوالے ہر پاکستانی کو نئے بینک اکائونٹ کھلوانے میں معاونت کی ہدایت کی گئی ہے تاکہ انہیں ڈیبٹ ،کریڈٹ کارڈ جاری کیا جاسکے جس میں مختلف مراعات دی جائیں گی۔ نئے منصوبہ پر عملدرآمدسے امیگرنٹس کو ہوائی ٹکٹ پر رعایت،اور منظور شدہ سامان سے زیادہ سامان کے ساتھ ساتھ 2موبائل بھی مفت لانے کی اجازت ہوگی۔امیگرنٹس کے خاندانوں کو یوٹیلیٹی سٹورز سے اشیاء خوردنی کی خریدار ی پر بھی رعایت دی جائے گی