- الإعلانات -

بھارتی معاشرے نے جنگی جنون میں مبتلا ہونے کا ثبوت دیا ، پاکستان کی حکومت، میڈیا اور معاشرے نے امن کی بات کی ،صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی

 صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ پاکستان میں حالات سازگار ہو رہے ہیں اور آج دنیا یہاں سرمایہ کاری کرنے کے لئے تیار ہے، ہمیں خود بھی اس کی تیاری کرنی ہوگی، صنعتوں کے فروغ کے لئے نوجوانوں کی صلاحیتوں سے استفادہ کرنا ہوگا، کامیاب جوان پروگرام اپنی شفافیت اور افادیت کے لحاظ سے اس حوالے سے سودمند ثابت ہوگا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو سیالکوٹ میں کامیاب جواب پروگرام کے تحت چیک تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ صدر مملکت نے کہا کہ دنیا پاکستان میں سرمایہ کاری کے لئے تیار ہے، ہمیں بھی اس بارے میں تیاری کرنا ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ کامیاب جوان پروگرام میں شفافیت قابل ستائش ہے، پروگرام میں بغیر سفارش کے قرضے لئے جا رہے ہیں۔ یہ پروگرام میرٹ، مقابلے کی فضاءاور بہترین کارکردگی دکھانے کا موقع فراہم کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں باصلاحیت افرادی قوت موجود ہے، نوجوانوں کو تعلیم اور ہنر کی فراہمی ہماری ذمہ داری ہے، صنعتوں کے فروغ کے لئے نوجوانوں کی صلاحیت سے فائدہ اٹھانا ہوگا۔ اس سلسلے میں نئی نسل کو دور جدید کے تقاضوں سے ہم آہنگ بنانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ انٹرنیٹ کی وجہ سے جدید علوم تک رسائی آسان ہو گئی ہے، نوجوان خود کو جدید علوم سے آراستہ کرنے کے لئے انٹرنیٹ اور ٹیکنالوجی سے استفادہ کریں۔ صدر مملکت نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف کامیاب جنگ پر پاکستانی سیکورٹی فورسز خراج تحسین کی مستحق ہیں، سیکورٹی فورسز کی قربانیوں سے ملک میں امن اور روشنیاں بحال ہوئیں۔ ہمیں قوم کے حوصلے کو پست کرنے کی بجائے اعتماد دینا ہوگا کیونکہ پست حوصلے والی قومیں کبھی ترقی نہیں کرتیں۔ انہوں نے کہا کہ بھارت نے پاکستان پر حملے کی کوشش کی تو اسے منہ کی کھانا پڑی، بھارتی معاشرے نے جنگی جنون میں مبتلا ہونے کا ثبوت دیا جبکہ پاکستان کی حکومت، میڈیا اور معاشرے نے امن کی بات کی۔ اس موقع پر وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات فردوس عاشق اعوان اور وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے امور نوجوانان عثمان ڈار نے بھی خطاب کیا