- الإعلانات -

پاکستان تحریک انصاف کی کوئٹہ میں دھماکہ کی شدید الفاظ میں مذمت ، قیمتی جانوں کے ضیاع پر گہرے رنج و غم کا اظہار

 پاکستان تحریک انصاف نے کوئٹہ میں دھماکہ کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے قیمتی جانوں کے ضیاع پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔ مرکزی میڈیا ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق چیف آرگنائزر سیف اللہ خان نیازی، مرکزی سیکرٹری جنرل عامر محمود کیانی، مرکزی نائب صدر و منتظم مرکزی سیکرٹریٹ زاہد حسین کاظمی، مرکزی سیکرٹری اطلاعات احمد جواد اور مرکزی سیکرٹری مالیات سراج احمد سمیت دیگر مرکزی قائدین نے دھماکہ کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے واقعہ کی مکمل اور جامع تحقیقات کے ذریعے ذمہ داروں کے تعین اور ان کے خلاف سخت کارروائی یقینی بنانے کا مطالبہ کیا ہے۔ اپنے مشترکہ بیان میں پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی قائدین کا کہنا تھا کہ امن عامہ پر حملہ آور ہونے والے ملک و قوم کے دشمن اور سخت برتاو¿ کے حقدار ہیں، ان کا کہنا تھا کہ بم دھماکہ میں قیمتی جانوں کا ضیاع افسوسناک اور باعث رنج ہے۔ زخمیوں کو علاج معالجہ کی فوری اور مکمل سہولیات کی فراہمی کا مطالبہ کرتے ہوئے تحریک انصاف کے قائدین نے ان کی جلد اور مکمل شفایابی کیلئے دعا کی۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان تحریک انصاف متاثرہ خاندانوں کے دکھ میں برابر کی شریک اور لواحقین سے دلی ہمدردی و تعزیت کا اظہار کرتے ہیں۔ اپنے بیان میں پاکستان تحریک انصاف کے قائدین نے شہداء کے درجات کی بلندی اور لواحقین کیلئے صبر جمیل کی دعا بھی کی