- الإعلانات -

کشمیر پراقوام ِمتحدہ کے سیکرٹری جنرل کا بیان پاکستان اورکشمیریوں کے موقف کی جیت ہے، ہم اس کا خیرمقدم کرتے ہیں، وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کا ٹویٹ

وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ کشمیر پراقوام ِمتحدہ کے سیکرٹری جنرل کا بیان پاکستان اورکشمیریوں کے موقف کی جیت ہے، ہم اس کا خیرمقدم کرتے ہیں، اقوام متحدہ اپنے اصولی موقف سے آگے بڑھتے ہوئے بھارت کو کشمیرمیں جابرانہ ظلم وستم سے روکے ، اپنی قرار دادوں کی روشنی میں کشمیریوں کو ان کا جائز قانونی اور جمہوری حق دلوائے، اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کا پاکستان میں امن کی بحالی اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ذمہ دارانہ کردار کا اعتراف پوری دنیا کو پاکستان کے حوالے سے ایک مثبت پیغام اور پاکستان کے عالمی تشخص کو اجاگر کرنے کے حوالے سے اہم پیشرفت ہے۔ ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے پیر کو اپنے ٹویٹ میں کہا کہ چالیس سال سے زائد عرصہ سے افغان مہاجرین کی دیکھ بھال کی کوششوں کا اعتراف خطے میں پاکستان کے مثبت اور تعمیری کردار کی روشن دلیل ہے، پاکستان اور اقوام متحدہ عالمی امن،ترقی اور خوشحالی کے مشترکہ ایجنڈے پر کاربند ہیں، امن کے قیام سے لے کرماحولیاتی تغیر کے چیلینجز سے نمٹنے تک پاکستان اقوام متحدہ کے منشور کے اصولوں اور اہداف کے حصول کیلئے بھرپورکاوشیں کرنے والے ممالک میں سر فہرست ہے۔ ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ مودی کے کشمیر کے حوالے سے “عالمی دباو¿ کی پرواہ نہیں” کے بیان کی مذمت کرتے ہیں ، یہ بیان اس امر کا ثبوت ہے کہ جو بھی حق اور سچ کی بات کرے گا بھارت کو اس سے تکلیف ہو گی، بھارتی جھوٹ پوری دنیا میں بے نقاب ہو رہا ہے