- الإعلانات -

برطانوی رکن پارلیمنٹ افضل خان نے کہاہے کہ مسئلہ کشمیر حل کرنے سے پاکستان، بھارت، کشمیر سمیت پورے جنوبی ایشیا میں خوشحالی آئے گی

گجرات (عامربیگ مرزا سے) برطانوی رکن پارلیمنٹ افضل خان نے کہاہے کہ مسئلہ کشمیر حل کرنے سے پاکستان، بھارت، کشمیر سمیت پورے جنوبی ایشیا میں خوشحالی آئے گی، آٹھ نو ماہ سے بھارت نے کشمیریوں کا لاک ڈاﺅن کیا ہوا ہے، بھارت کا یہ اقدام قابل قبول نہیں۔ لاہور میں میاں طارق فرشتہ اور چودھری نصیر ساھیوالی کی جانب سے اپنے اعزاز میں استقبالیہ تقریب سے خطاب میں افضل خان کاکہناتھاکہ مسئلہ کشمیر حل کرنے کی ضرورت ہے، کشمیر پر اقوام متحدہ کی قراردادیں موجود ہیں۔ افضل خان نے کہاکہ لیڈرشپ کو تقسیم کرنے نہیں بلکہ ملانے کی طرف جانا چاہیے، پاکستان اور بھارت بھی مل کر آگے بڑھیں، اپنی طاقت تقسیم نہ کریں۔ برطانوی رکن پارلیمنٹ نے کہا کہ برطانیہ کی کامیاب معیشت میں اوور سیز پاکستانیوں کا بڑا اہم کردار ہے، پاکستان میں اس وقت سرمایہ کاری کیلئے حالات بہت اچھے ہیں، یورپی پارلیمنٹ ہو یا برطانیہ، کشمیریوں کے حقوق کے لئے ہر فورم پر آواز آٹھائی ہے، پاکستان اوربھارت دونوں کو امن کیلئے بات چیت کرنی چاہیے۔ میزبان چودھری نصیر نے کہا کہ اوورسیز پاکستانیوں کو چاہیے کہ اپنے ملک میں سرمایہ کاری کریں۔ تحریک انصاف پنجاب کے جوائنٹ سیکرٹری چودھری صغیر انجم نے کہاکہ اوورسیز پاکستانیوں کو کسی بھی معاملے میں حکومت کی مکمل حمایت ہوگی۔ چودھری انور کاکہناتھاکہ خوشی ہے کہ اوورسیز پاکستانی پاکستان میں سرمایہ کاری کر رہے ہیں۔ ڈاکٹرنعیم گھرکی نے کہاکہ اوورسیز پاکستانیوں نے چیرٹی کیلئے ہمیشہ بڑھ چڑ ھ کر حصہ لیاہے۔ تقریب میں سابقہ لارڈ مئیر مانچسٹر نعیم الحسن، محمد اقبال چودھری، چودھری افتخار، عارف چودھری، ایم پی اے ملک ندیم کامران، خالد نعیم، بلال حسن، میجر انور شیرازی، سابق آئی جی قلب عباس، ڈاکٹر آصف نقوی، محمد اشرف، عمار حسان اور حسن علی نے شرکت کی۔