- الإعلانات -

مقبوضہ جموں و کشمیر کے معاملے پر اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل کا غیر جانبدارانہ تبصرہ دیرپا پاکستانی موقف کا حامی ہے، سید فخر امام

 چیئرمین کشمیر کمیٹی سید فخر امام نے اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیوگوتیریس کے مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالیوں کو اجاگر کرنے کے بیان کی تعریف کی ہے ۔ ٹی وی پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مقبوضہ جموں و کشمیر کے معاملے پر اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل کا غیر جانبدارانہ تبصرہ دیرپا پاکستانی موقف کا حامی ہے۔انہوں نے کہا کہ اب وقت آگیا ہے کہ حکومت اس مسئلے کو اجاگر کرنے کے لئے مختلف ممالک کو وفود بھیجے، مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارتی فوج کے مظالم کو عیاں کرنے کے لئے بین الاقوامی میڈیا نے مہم آغاز کیاہے ۔ فخر امام نے کہا کہ پاکستان کے خلاف حالیہ بھارتی پروپیگنڈے پر پاکستان کو عالمی برادری کو اعتماد میں لیا ہے۔سید فخر امام نے کہا کہ مودی نے بے گناہ کشمیریوں پرمظالم جاری رکھے ہوئے ہیں اور بلا وجہ انہیں قتل کررہے ہیں لیکن اب ان کے مذموم عزائم عالمی سطح پر بے نقاب ہوگئے ہیں۔فخر امام نے کہا کہ کشمیری پچھلے 70 سالوں کی تاریخ کے مشکل ترین وقت سے گزر رہے ہیں۔انہوں نے امید ظاہر کی کہ کشمیر کے معاملے پر تمام سیاسی جماعتیں ایک ہی پیج پر ہیں اور پوری قوم متحد ہے لہٰذا پاکستان ہر سطح پر بھارتی حکومت کا اصل چہرہ بے نقاب کرتا رہے گا