- الإعلانات -

منتخب نمائندوں سے کوارڈی نیشن کے بہترین نتائج سامنے آئینگے، ماڈل تھانوں کی تعداد بڑھائی جائے گی:عثمان بزدار

وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے اراکین قومی و صوبائی اسمبلی کے حلقوں کے مسائل کے حل کے حوالے سے ہدایات دیں۔ اراکین قومی و صوبائی اسمبلی نے اپنے حلقوں کے ترقیاتی منصوبوں اور نئی سکیموں کے بارے میں تجاویز پیش کیں۔وزیراعلیٰ نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اراکین قومی و صوبائی اسمبلی میرے ساتھی ہیں، ان کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کئے جائیں گے۔ اراکین قومی و صوبائی اسمبلی سے کوآرڈینیشن کے بہترین نتائج سامنے آئیں گے۔صوبے میں ماڈل تھانوں کی تعداد بڑھائی جائے گی۔منتخب نمائندوں کی ترجیحات کے مطابق ان کے حلقوں میں ترقیاتی کام ہوں گے۔ترقیاتی فنڈز کی تقسیم میں انصاف ہوگا۔انہوں نے کہا کہ حافظ آباد میں یونیورسٹی کے منصوبے کو آئندہ مالی سال کے سالانہ ترقیاتی پروگرام میں شامل کیا جائے گا۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے گجرات میں صفائی کی صورتحال کو بہتر بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ کھاریاں منڈی بہاؤالدین روڈ کی تعمیر ترجیحی بنیادوں پر کی جائے گی۔سکولوں اور ہیلتھ فسلیٹیز کو اپ گریڈ کرکے لوگوں کو ان کی دہلیز پر بنیادی سہولتیں فراہم کریں گے۔انہوں نے کہا کہ اراکین اسمبلی کی مشاورت سے تعلیم، صحت اور پینے کے صاف پانی کی فراہمی کے منصوبوں کیلئے فنڈز دیں گے۔ گوجرانوالہ ڈویژن کی سڑکوں کی تعمیر و مرمت کیلئے بھی وسائل مہیا کئے جائیں گے۔ منتخب نمائندوں کی مشاورت سے عوام کی ترقی و خوشحالی کے پروگرام پر عملدرآمد کیا جائے گا،ہم سب نے ٹیم ورک کے طورپر صوبے کے عوام کی خدمت کرنی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزارت اعلی صرف عہدہ نہیں بلکہ بہت بڑی ذمہ داری ہے،عوام کی خدمت مشن اور اوڑھنا بچھونا ہے،سابق حکمرانوں نے صوبے کے عوام کی اصل ترجیحات کو نظر انداز کیا۔ انہوں نے کہا کہ ماضی میں ذاتی نمائش کیلئے منصوبوں پر قومی وسائل ضائع کئے گئے، شوبازی کا دور گزر چکا، اب صرف کام ہوتا ہے، تحریک انصاف کی حکومت نے عوام کی حقیقی خوشحالی کیلئے سماجی شعبوں کی ترقی پر فوکس کیا ہے۔ وزیراعلیٰ نے صوبے میں ہر طرح کے مافیا کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ عوام کو لوٹنے والے مافیاز کو کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔ اراکین قومی و صوبائی اسمبلی نے وزیراعلیٰ عثمان بزدار سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آپ نے منتخب نمائندوں کو ان کے حلقوں میں وزیراعلیٰ کی حیثیت دی ہے،ڈویژن اور ضلعی سطح کی کمیٹیوں میں منتخب نمائندوں کو شامل کرکے انہیں عزت دی گئی ہے،آپ اپنے وعدے پورے کرتے ہیں،منتخب نمائندوں سے مشاورت کا سلسلہ خوش آئند ہے، گوجرانوالہ ڈویژن میں آپ کی انتظامی ٹیم بہترین کام کر رہی ہے