- الإعلانات -

مسلم لیگ ن قائد اعظم کی وارث اور اس ملک کی محافظ جماعت ہے: احسن اقبال

مریم نواز کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے احسن اقبال کا کہنا تھا کہ میاں نواز شریف نے جس طرح اپنے نظریات پر کھڑے ہونے کی مثال قائم کی ہے آج مسلم لیگ ن کا ہر کارکن اس روایت پر ان کا سپاہی بن کر کھڑا ہے۔ لوگ ہماری پارٹی کے بارے میں طعنہ دیا کرتے تھے کہ کارکن مار کھاتا ہے قیادت مار نہیں کھاتی لیکن آج ہماری لیڈر شپ نے یہ ثابت کیا ہے کہ مسلم لیگ ن قائد اعظم کی وارث اور اس ملک کی محافظ جماعت ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہماری وہ حکومت ختم کی گئی جو اندھیرے ختم کرکے روشنیاں لے کر آئی، نواز شریف نے سی پیک کے ذریعے پاکستان کو نئی پہچان دی لیکن آج اس سی پیک کو فل سٹاپ لگادیا گیا ہے، ہماری حکومت میں سرمایہ کار باہر سے آکر نئے کارخانے لگارہے تھے لیکن آج وہ کارخانے بند ہورہے ہیں، آج کسان بے حال ہے اور زراعت کی پیداوار میں کمی ہورہی ہے۔ احسن اقبال کا کہنا تھا کہ عمران خان کی حکومت مافیاز کی محافظ بنی ہوئی ہے، اس حکومت کے خلاف عوام کی آواز بننا ہمارا سیاسی اور جمہوری فرض ہے، حکومت نے جھوٹے مقدمات قائم کرکے ہماری آواز دبانے کی کوشش کی، حکومت جتنے جھوٹے مقدمے بنائے ہمارے منہ سے حق بات نکلنا بند نہیں ہوگی اور ہمارے قدموں میں لغزش نہیں آئے گی۔