- الإعلانات -

حکومت نے عوام کے تحفظ کیلئے اقدامات اٹھائے ہیں،قومی یکجہتی کیساتھ کورونا کو شکست دیں گے،فردوس عاشق اعوان

معاون خصوصی فردوس عاشق اعوان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے ٹوئٹ میں کہاہے کہ کورونا کے بین الاقوامی چیلنج سے نبرد آزما ہونے کیلئے حکومت نے عوام کے مفاد، تحفظ اور سلامتی کیلئے اقدامات اٹھائے ہیں۔قومی یکجہتی اور ہم آہنگی کے ساتھ ایک ہو کر اس وائرس کو شکست دیں گے۔مشکل وقت ہے،لیکن ہماری قوم ہر آزمائش میں سرخرو ہوئی ہے۔
فردوس عاشق اعوان نے مزید کہاہے کہ کورونا سے بچاؤ کیلئے ہمارے بروقت اقدامات کی گواہی ڈبلیو ایچ او بھی دے رہا ہے۔ انہوں نے کہاکہ وزیراعظم کورونا وائرس کے تدارک کیلئے اٹھائے جانے والے اقدامات کی خود نگرانی کر رہے ہیں۔ہدایات اور احتیاطی تدابیر پر عوام لازمی عمل کریں۔معاشی طور پر مستحکم اور شعبہ طب میں بہتر نتائج رکھنے والی اقوام نے بھی احتیاطی تدابیر اپنائیں۔