- الإعلانات -

حکومت ایک ایسی حکمت عملی پر کام کر رہی ہے جس سے کورونا سے انسانی جانوں کو بچایا جائے اور کاروباری سرگرمیوں کو بھی مزید نقصان سے محفوظ رکھا جائے، شہزاد اکبر

اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے کورونا ریلیف کیمپ نے کورونا وائرس کی وجہ سے متاثرہ غریب خاندانوں کو آٹا، چاول، گھی اور دالوں سمیت دیگر کھانے پینے کی چیزیں مفت فراہم کرنے کیلئے باقاعدگی سے کام شروع کر دیا ہے۔ اس سلسلے میں چیمبر میں ایک تقریب منعقد ہوئی جس میں وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے احتساب و داخلہ مرزا شہزاد اکبرمہمان خصوصی تھے۔ اسلام آباد پولیس کے انسپکٹر جنرل محمد ذوالفقار خان اور ڈپٹی کمیشنر اسلام آباد حمزہ شفقات بھی اس موقع پرموجود تھے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے احتساب و داخلہ مرزا شہزاد اکبر نے کہا کہ کرونا وائرس کی وجہ سے جہاں غریب عوام کی مشکلات میں اضافہ ہوا ہے وہاں کاروباری سرگرمیوں کو بھی کافی نقصان پہنچا ہے جس کا حکومت کو احساس ہے۔ تاہم انہوں نے کہا کہ حکومت ایک ایسی حکمت عملی پر کام کر رہی ہے جس سے کورونا سے انسانی جانوں کو بچایا جائے اور کاروباری سرگرمیوں کو بھی مزید نقصان سے محفوظ رکھا جائے۔ انہوں نے کہا کہ اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری نے کرونا وائرس سے متاثرہ غریب خاندانوں میں مفت راشن کی تقسیم شروع کر کے ایک قابل ستائش اقدام لیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تاجر برادری نے ہر مشکل گھڑی میں مثالی ایثار و جذبے کا اظہار کیا ہے اور کرونا کے خلاف لڑنے میں حکومت کے ساتھ ان کا تعاون قابل تعریف ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کنسٹرکشن انڈسٹری ا ور اس سے منسلک دیگر کاروبار ی اداروں کو بتدریج کھولنے کیلئے ایس او پیز بنا رہی ہے لہذا انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ تاجر وصنعتکار برادری ان ایس او پیز پر پوری طرح عمل کر کے اپنی اور اپنے ورکروں کی زندگیوں کو بچانے میں اپنا کردار ادا کرے۔انہوں نے مزید کہا کہ امپورٹرز سمیت ہوٹل انڈسٹری کی مشکلات کو کم کرنے کیلئے بھی حکومت غور کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ تاجر برادری کو کرایوں اور یوٹیلٹی بلوں میں ریلیف فراہم کرنے کی تجویز بھی حکومت کے زیر غور ہے۔ اسلام آباد پولیس کے انسپکٹر جنرل محمد عامر ذولفقار خان نے اپنے خطاب میں کہا کہ ان مشکل حالات میں غریب طبقے کا خیال رکھنا ہم سب کی ذمہ داری بنتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ متاثرہ خاندانوں میں منظم انداز میں راشن کی تقسیم کیلئے اسلام آباد پولیس چیمبر کے ساتھ ہر ممکن تعاون کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ اسلام پولیس نے اب تک تقریبا 8000افراد میں پرامن طریقے سے راشن تقسیم کرنے میں تعاون کیا ہے اور آئندہ بھی اس سلسلے میں ہر ممکن تعاون کیا جائے گا۔ انہوں نے اسلام آباد پولیس کو ماسک، دستانے اور کرونا سے بچاؤ کا دیگر حفاظتی سامان فراہم کرنے پر ڈی واٹسن اور شاہین کیمسٹ کا شکریہ ادا کیا۔ اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر محمد احمد وحید نے اپنے خطاب میں کہا کہ تاجر برادری نے ہر ناگہانی آفت کے وقت فلاحی کاموں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا ہے اور ہراول دستے کا کردار ادا کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کروناوائرس کی وجہ سے متاثرہ غریب خاندانوں کو راشن فراہم کرنے اور ان کوششوں میں حکومت کا ہاتھ بٹانے میں بھی تاجر برادری اپنا کردار ادا کرے گی۔انہوں نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ اور پولیس کے تعاون سے متاثرہ خاندانوں کو ان کے دروازے پر راشن پہنچایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ چیمبر کے کرونا ریلیف کیمپ کے تحت ابتدائی طور پر ایک ہزار خاندانوں میں مفت راشن تقسیم کیا جائے گا جبکہ آنے والے دنوں میں مزید خاندانوں کو راشن فراہم کیا جائے گا تا کہ غریب اپنے آپ کو بے سہارا نہ سمجھیں۔ فاؤنڈر گروپ کے چیئرمین میاں اکرم فرید نے اپنے خطاب میں کہا کہ صنعتکار اپنے ورکروں کیلئے تمام مطلوبہ حفاطتی اقدامات یقینی بنانے کیلئے تیار ہیں لہذا حکومت بتدریج صنعتوں کو کھولنے کی اجازت دے۔ انہوں نے کہا کہ صنعتکاروں نے 31مارچ تک اپنے ورکروں کو تنخواہیں دے دی ہیں اور اگر صنعتیں طویل عرصے تک بند رہتی ہیں تو ورکروں کو مزید تنخواہ دینا مشکل جائے ہو گا لہذا حکومت ان مسائل پر ہمدردانہ غور کرے۔ انہوں نے اسلام آباد کی ہوٹل انڈسٹری کے مسائل پر بھی روشنی ڈالی اور حکومت سے ان کو حل کرنے کی اپیل کی۔ انہوں نے کہا کہ ڈیم فنڈ اور ای او بی آئی فنڈ کو بھی موجودہ مشکل حالات میں غرباء کی مشکلا ت کم کرنے کیلئے استعمال کرنے پر غور کیا جائے