- الإعلانات -

اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کا بجٹ 2020-21ء کو پیش کرنے سے متعلق پارلیمانی رہنماؤں سے مشاورت کا فیصلہ

 اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے بجٹ 2020-21ء کو پیش کرنے سے متعلق پارلیمانی رہنماؤں سے مشاورت کا فیصلہ کیا ہے۔ ترجمان قومی اسمبلی کے مطابق سپیکر نے کہا کہ بجٹ 2020-21ء جون میں پیش ہونا ہے، کورونا وائرس کے خدشات کے پیش نظر بجٹ کو پیش کرنے اور اسے منظور کرنے سے متعلق سیاسی پارٹیز کو اعتماد میں لینا ضروری سمجھتا ہوں کیونکہ مشکل حالات میں عوام کو ریلیف دینا اور بجٹ کو بروقت پیش کرنا پارلیمنٹ کی ذمہ داری ہے۔ عالمی وباء کی وجہ سے عوام کو بے پناہ مالی مشکلات کا سامنا ہے۔ پارلیمنٹ اور عوام کو مل کر ملک کو معاشی بحران سے نکالنا ہو گا۔ بجٹ کو بروقت پیش کرنے کے لیے پارلیمنٹ میں موجود تمام سیاسی جماعتوں کی قیادت سے مشاورت کی جائے گی۔ میری کوشش ہے کہ پارلیمان میں عوامی اہمیت کے حامل تمام امور پر کام جاری رہے۔ کمیٹیوں کے اجلاس کو ویڈیو کانفرنس کے ذریعے جاری رکھنے کا فیصلہ بھی اسی سلسلے کی کڑی ہے۔پوری دنیا کو اس وقت کورونا وائرس نے جکڑا ہوا ہے۔اس وباء سے نبرد آزما ہونے کے لیے ہم سب کو ملکر قومی یکجہتی کا بھرپور مظاہرہ کرنے کی ضرورت ہے۔ہمیں احتیاطی تدابیر پر عمل کرتے ہوئے اپنی پارلیمانی ذمہ داریوں کو بھی نبھانا ہو گا