- الإعلانات -

حکومت کورونا وائرس وباء سے نمٹنے کے ساتھ ساتھ مستحقین تک امداد کی فراہمی کو یقینی بنانے کیلئے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے، سینیٹر فیصل جاوید

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سینیٹر فیصل جاوید نے کہا ہے کہ عمران خان ایک ایماندار اور بے لوث وزیر اعظم ہیں ، وہ صرف عوام کیلئے سوچتے ہیں ، اس وقت بھی ان کی تمام تر توجہ ملک کے پسے ہوئے لوگوں کو زیادہ سے زیادہ ریلیف دینے پر مرکوز ہے، حکومت کورونا وائرس وباء سے نمٹنے کے ساتھ ساتھ مستحقین تک امداد کی فراہمی کو یقینی بنانے کیلئے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے، موجودہ صورتحال میں ایک دوسرے کے خلاف بیان بازی نہیں ہونی چاہیے کیونکہ یہ سیاست کا نہیں بلکہ ملک سے مہلک وباء کو ختم کرنے کیلئے بحیثیت قوم اکٹھے ہونے کا وقت ہے۔ پی ٹی وی نیوز کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کا پہلے دن سے واضع پیغام ہے کہ پاکستان لاک ڈائون یا کرفیو کا متحمل نہیں ہو سکتا کیونکہ اس سے دیہاڑی دار اور مزدور طبقے پر اثر پڑے گا، وزیر اعظم کورونا پھیلنے کے پہلے دن سے ملک کے غریب طبقے کے لوگوں کیلئے فکر مند ہیں اور اسی لئے انہوں نے مستحق خاندانوں کو ریلیف دینے کیلئے بھاری پیکیج کا اعلان کیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ احساس پروگرام کے تحت 1 کروڑ 20 لاکھ خاندانوں میں 12 ہزار روپے فی خاندان تقسیم کئے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بھارت میں لاک ڈائون کے باعث حالات قابو سے باہر ہو گئے ہیں، لوگ بھوک سے مر رہے ہیں اور ان کے پاس کھانے پینے کی اشیاء نہیں ہیں۔ سینیٹر فیصل جاوید نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کا کورونا ریلیف فنڈ انتہائی شفاف ہے اور وہ خود اس کی نگرانی کر رہے ہیں تاکہ ملک کے پسے ہوئے لوگوں کو زیادہ سے زیادہ امداد کی فراہمی یقینی بنائی جا سکے، مخیر حضرات بڑھ چڑھ کر وزیر اعظم کے کورونا ریلیف فنڈ میں حصہ لے رہے ہیں اور اوورسیز پاکستانی بھی بھرپور تعاون کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وفاق ، صوبوں اور تمام اداروں کے درمیان اچھا تعاون ہے ۔ وہ روزانہ کی بنیاد پر صورتحال کا جائزہ لے رہے ہیں، اسی کے لحاظ سے فیصلے کر رہے ہیں۔ سینیٹر فیصل جاوید نے کہا کہ اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے پرائیویٹ بزنس مینوں کیلئے زبردست پیکیج کا اعلان کیا ہے کہ اگر وہ تین ماہ تک ملازمین کو تنخواہیں دیتے رہیں گے تو انہیں آسان قرضے دیئے جائیں گے اور چھ ماہ تک انہیں پہلی قسط نہیں دینا پڑے گی۔ انہوں نے کہا کہ ترقی یافتہ ممالک وسائل ہونے کے باوجود کورونا پر قابو پانے میں ناکام دکھائی دہے رہے ہیں لیکن دنیا وزیر اعظم عمران خان کی تعریف کر رہی ہے کہ پاکستان اس کو اچھے طریقے سے ہینڈل کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس صورتحال پر علمائے کرام نے مثبت کردار ادا کیا ہے جو کہ قابل تعریف ہے، انہوں نے دینی تعلیمات کی روشنی میں لوگوں کو وائرس کے حوالے سے آگاہی فراہم کی ہے، میڈیا بھی ذمہ دار کردار ادا کر رہا ہے، اسی طرح شہریوں کو بھی چاہیے کہ وہ ذمہ داری کا مظاہرہ کریں اور ملک سے مہلک وباء کے خاتمے کیلئے حکومت کے ساتھ تعاون کریں۔ انہوں نے کہا کہ ملکی معیشت کیلئے کاروباری سرگرمیوں کا چلنا ضروری ہے اسی لئے حکومت نے صنعتیں کھولنے کا فیصلہ کیا ہے اور اس حوالے سے تمام ایس او پیز کو فالو کیا جائے گا