- الإعلانات -

کورونا وائرس کی صورتحال سے نمٹنے کیلئے پاکستان سمیت ترقی پذیر ممالک کو قرضوں میں ریلیف فراہم کیا جائے وزیر اعظم عمران خان

وزیراعظم عمران خان نے عالمی رہنمائوں، اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل اور عالمی مالیاتی اداروں کے سربراہان سے اپیل کی ہے کہ کورونا وائرس کی صورتحال سے نمٹنے کیلئے پاکستان سمیت ترقی پذیر ممالک کو قرضوں میں ریلیف فراہم کریں۔ اتوار کو بین الاقوامی برادری سے اپنے خطاب میں وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ کورونا کی صورتحال سے پوری دنیا متاثر ہوئی ہے لیکن ترقی یافتہ اور ترقی پذیر ممالک میں اس حوالے سے الگ طرح کا ردعمل آیا ہے، ترقی یافتہ ممالک کے پاس وسائل اور پیسے کی کمی نہیں ہے اور وہ بھاری رقم خرچ کر کے صورتحال کا مقابلہ کر رہے ہیں لیکن ترقی پذیر ممالک میں لاک ڈائون اور معاشی سرگرمیاں نہ ہونے سے عوام کو بھوک اور شدید معاشی مسائل کا سامنا ہے۔ جاپان نے ایک ٹریلین ڈالر، جرمنی نے ون ٹریلین یوروز، امریکہ نے 2.2ٹریلین کا پیکج دیا ہے لیکن پاکستان جیسا ملک جس کی 22کروڑ آبادی ہے، کے پاس وسائل کی کمی ہے اس کے باوجود ہماری حکومت 8ارب ڈالر خرچ کر رہی ہے۔ انہوں نے عالمی رہنمائوں، عالمی مالیاتی اداروں کے سربراہان اور اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل سے اپیل کی کہ وہ اس صورتحال میں پاکستان سمیت ترقی پذیر ممالک کو قرضوں میں ریلیف فراہم کریں کیونکہ ترقی پذیر ممالک کو دوہرے مسائل کا سامنا ہے۔ وہ ایک طرف کورونا وائرس سے اپنی عوام کو بچا رہے ہیں اور دوسری جانب معاشی صورتحال اور لاک ڈائون کے باعث اپنے لوگوں کو بھوک سے بھی بچا رہے ہیں۔ وزیراعظم نے کہا کہ جو مسئلہ پاکستان کو درپیش ہے اکثر ترقی پذیر ممالک اس صورتحال سے دوچار ہیں، ہمارے پاس وسائل نہیں کہ صحت پر زیادہ خرچ کر سکیں۔ لوگوں کو بھوک سے بچانے کیلئے بھی وسائل کی کمی ہے