- الإعلانات -

تبلیغی ارکان، زائرین اور اوورسیز پاکستانیوں کی بروقت وطن واپسی کیلیے پارلیمانی کمیٹی بنانے کا کریڈٹ اسد قیصر کو جاتا ہے ، عوام فیک نیوز کو مسترد کریں، ملک میں یکجہتی اور ہم آہنگی کے فروغ میں مدد دیں، شہریار خان آفریدی

 وزیر مملکت سیفران و انسداد منشیات شہریار خان آفریدی نے سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر اور دیگر وزراء کے ہمراہ قومی اسمبلی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کو کریڈٹ جاتا ہے کہ بروقت تبلیغی جماعت کے اراکین، زائرین اور اوورسیز پاکستانی جو لاک ڈائون میں پھنسے تھے ان کی وطن واپسی کیلئے پارلیمانی کمیٹی بنائی تاکہ حکومتی اداروں کی کارکردگی کو مانیٹر کیا جا سکے۔ شہریار خان آفریدی نے کہا کہ تبلیغی جماعت کے 2054 اراکین بیرونی ممالک میں اور 15000 پاکستان بھر میں پھنسے تھے، 27 زائرین ایران میں ہیں اور ملک بھر کے کوارینٹائن سینٹرز میں ہیں، ہم نے منفی ٹیسٹ آنے والے 1626 زائرین کی گھروں کو واپسی یقینی بنایا ہے۔ شہریار خان آفریدی نے کہا کہ 650 پاکستانی قیدیوں کو وطن واپس لایا جا رہا ہے جبکہ لاک ڈائون میں پھنسے 9000 پاکستانی تارکین وطن کو ملک میں لایا جا چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم 24 گھنٹے کام کر رہے ہیں، عوام فیک نیوز کو مسترد کریں اور ملک میں یکجہتی اور ہم آہنگی کا ماحول بنانے میں مدد دیں