- الإعلانات -

پاکستان میں داخل ہونے والوں کی موثر چیکنگ کا نظام وضع ، این 95 ماسک کے علاوہ تمام حفاظتی سامان ملک میں تیار ہو رہا ہے، یومیہ 50 ہزار سے زائد ٹیسٹ کرنے کی صلاحیت حاصل ، چیئر مین این ڈی ایم اے لیفٹیننٹ جنرل محمد افضل

چیئر مین نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) لیفٹیننٹ جنرل محمد افضل کہا ہے کہ پاکستان میں داخل ہونے والوں کی موثر چیکنگ کا نظام وضع کیا ہے، این 95 ماسک کے علاوہ تمام حفاظتی سامان ملک میں تیار ہو رہا ہے، یومیہ 50 ہزار سے زائد ٹیسٹ کرنے کی صلاحیت حاصل کر لی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کو عالمی ادارہ صحت کی جانب سے پاکستان کو طبی حفاظتی سامان کی فراہمی کے موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ڈبلیو ایچ او کے نمائندے نے سامان این ڈی ایم اے کے حکام کے حوالے کیا جس میں حفاظتی سامان میں 15 ٹیسٹنگ مشینیں اور 15 ہزار کٹس شامل ہیں۔ چیئرمین این ڈی ایم اے نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ این 95 ماسک کے علاوہ تمام حفاظتی سامان ملک میں تیار ہو رہا ہے۔ پاکستان میں داخل ہونے والوں کی موثر چیکنگ کا نظام وضع کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یومیہ 50 ہزار سے زائد ٹیسٹ کرنے کی صلاحیت حاصل کر لی ہے۔ اس وقت 37 ٹیسٹنگ لیبارٹریاں کام کر رہی ہیں۔ مزید 25 لیبارٹریوں کو جلد فعال کردیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ کورونا ٹیسٹ کے لئے 100 موبائل لیبارٹریاں بھی قائم کی جا رہی ہیں۔ اس موقع پر ڈبلیو ایچ او کے نمائندے نے کہا کہ ڈبلیو ایچ او عوام کو وباء سے بچانے کے لئے پاکستان کی معاونت کر رہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ این ڈی ایم اے اور وزات صحت کے ساتھ مل کر کام کر رہے ہیں۔ وزیر اعظم پاکستان وباء سے بچائو کے لئے اقدامات کر رہے ہیں