- الإعلانات -

وزارت اوورسیز پاکستانیز نے کورونا وباء سے متاثرہ خاندانوں کی امداد کے لیے اوورسیز پاکستانیوں کے عطیات کے لیے نئی ویب سائیٹ لانچ کر دی

وزارت اوورسیز پاکستانیز نے کورونا وباء سے متاثرہ خاندانوں کی امداد کے لیے اوورسیز پاکستانیوں کے عطیات کے لیے نئی ویب سائیٹ لانچ کر دی۔ وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے سمندر پار پاکستانیز سید ذوالفقار بخاری نے کہا ہے کہ اس ویب سائیٹ کے ذریعے بیرون ممالک مقیم پاکستانی کورونا وباء سے متاثر ہونیوالے خاندانوں کی کفالت کی ذمہ داری لے سکتے ہیں۔ یہ بات انہوں نے اپنے آفس میں نئی ویب سائیٹ کے اجراء کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کی۔ انہوں نے کہا کہ نئی ویب سائٹ وزیر اعظم کورونا ریلیف فنڈ کے حوالے سے بھی اوورسیز پاکستانیوں کے درمیان پل کا کردار ادا کرے گی ۔اس ویب سائٹ کے ذریعے بیرون ممالک مقیم پاکستانی ایک مخصوص وقت کے لیے کسی خاندان کے راشن کی براہ راست ذمہ داری لے سکتے ہیں۔ ذوالفقار بخاری نے کہا کہ اوورسیز پاکستانیز حکومت پاکستان کی ریلیف کوششوں میں مدد کے لیے زیادہ سے زیادہ 10ہزار ڈالر covid.ophrd.gov.pk ویب سائیٹ کے ذریعے بھیج سکیں گے، ہم نے ویب سائیٹ پر مختلف آپشن رکھے ہیں جس کے ذریعے اوورسیز پاکستانی مختلف خاندانوں کی مدد کرسکتے ہیں جو اس مشکل وقت میں اپنا گھر چلانے کی سکت نہیں رکھتے ۔ ذوالفقار بخاری نے اوورسیز پاکستانیوں پر زور دیتے ہوئے کہا کہ وہ قوم کی اس مشکل گھڑی میں دل کھول کر عطیات دیں۔ انہوں نے کہا کہ میری وزارت جلد پکا ہوا کھانا متاثرہ گھروں کے دروازوں تک پہنچانے کی مہم شروع کر رہی ہے، وزیر اعظم عمران خان کا ویژن ہے کہ غریبوں اور ضرورت مندوں کا خیال رکھا جائے اسی لیے بطور کابینہ ممبر اس مقصد کے لیے فرنٹ پر اپنا کردار ادا کریں گے ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے اس مشکل وقت میں دیہاڑی دارمزدوروں کو 12ہزار روپے کی فراہمی کے لیے احساس ایمرجنسی کیش پروگرام کا اجراء کر کے بڑا قدم اٹھایا ہے ۔ وزارت اوورسیز کے عہدیدار نے ویب سائیٹ سے متعلق بتا تے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم کورونا ریلیف فنڈ میں عطیات دینے کے لیے اب اوورسیز پاکستانی ایک کلک کی دوری پر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اوورسیز پاکستانی اب باآسانی پے پل کے ذریعے بھی عطیات دے سکتے ہیں