- الإعلانات -

وفاقی وزیر داخلہ اعجاز احمد شاہ کی وفاقی وزیر برائے مذہبی امور نورالحق قادری سے ملاقات، رمضان المبارک کے دوران ملک بھر کے لئے یکساں لائحہ عمل مرتب کرنے پر اتفاق

وفاقی وزیر داخلہ اعجاز احمد شاہ نے پیر کو وفاقی وزیر برائے مذہبی امور نورالحق قادری سے ملاقات کی جس میں رمضان المبارک کے دوران ملک بھر کے لئے یکساں لائحہ عمل مرتب کرنے پر اتفاق کیا گیا۔ وزارت داخلہ کی طرف سے جاری بیان کے مطابق ملاقات میں رمضان المبارک کے دوران عبادات اور مذہبی رسومات کی ادائیگی کے دوران کورونا کے پھیلاؤ کی روک تھام سے متعلق معاملات کو زیر بحث لایا گیا۔ دونوں وزراء نے اتفاق کیا کہ ملک بھر سے تمام مکاتب فکر کے مذہبی رہنماؤں سے مشاورت کے بعد یکساں اور باضابطہ لائحہ عمل تیار کیا جائے گا۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ مجوزہ لائحہ عمل اور ہدایات تمام ملک کے لئے یکساں ہونی چائییں، باضابطہ طور پر ایسے نتیجے پر پہنچا جائے جس سے عبادات میں خلل نہ پڑے اور وبائی مرض سے بھی مکمل تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ رمضان کا مہینہ دنیا بھر کے مسلمانوں کے لئے انتہائی اہمیت کا حامل ہے، ہر ممکن کو شش کی جائیگی کہ اس مہینے سے جڑے مذہبی جوش و خروش کو زندہ رکھا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ کورونا کے پیش نظر تمام شہریوں کی صحت کے تحفظ اور اس وائرس کے پھیلاؤ کو روکنا اولین ترجیحات میں شامل ہے، کوشش کر ینگے کہ اس سلسلے میں بہترین لائحہ عمل مرتب کر سکیں