- الإعلانات -

وزیراعلیٰ سندھ کی پریس کانفرنس قومی یکجہتی کو پارہ پارہ کرنے کے مترادف ہے :فردوس عاشق اعوان

وزیر اعظم کی معاون خصوصی فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ سندھ کی پریس کانفرنس قومی یکجہتی کو پارہ پارہ کرنے کے مترادف ہے، مراد علی شاہ نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے اشاروں کنایوں میں وفاقی حکومت کے لیے اپنے تحفظات کااظہار کیا۔فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ اس پریس کانفرنس کے جواب میں یہ کہنا چاہتی ہوں کہ وزیر اعلیٰ صاحب آپ کا نیشنل کوآرڈینیشن کمیٹی سے پہلے پریس کانفرنس کرنا کورونا کے خلاف قومی یکجہتی کو پارہ پارہ کرنے کے مترادف ہے۔ انہوں نے وزیر اعلیٰ سندھ کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ اگر آپ کو کسی فیصلے پر تحفظات تھے یا کوئی پالیسی سمجھ نہیں آ رہی تھی تو آپ میڈیا کے بجائے قومی رابطہ کمیٹی کے اجلاس میں یہ بات کر سکتے تھے۔ان کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم پاکستان اس وقت دو محاذوں پر لڑ رہے ہیں جس میں پہلا محاذ یہ ہے کہ ہمیں کورونا کو کیسے شکست دینی ہے اور اپنے عوام کو کورونا سے کیسے بچانا ہے اور ان کے جان مال اور زندگی کا تحفظ کس طرح یقینی بنانا ہے اور اس کے لیے وزیر اعظم کی قیادت میں ایک قومی پالیسی، قومی بیانیہ اور ایک قومی حکمت عملی کے تحت ہم آگے بڑھ رہے ہیں۔